قطر میں تمام تعلیمی اداروں میں مرحلہ وار تدریسی عمل دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
حکام کے مطابق اسکولوں اور کنڈرگارٹنز میں 29 مارچ بروز اتوار سے تمام طلبہ کی مکمل حاضری کے ساتھ باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہو جائے گا۔
اسی طرح قطر یونیورسٹی نے بھی کل سے طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کے لیے کیمپس میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے کام کی جگہوں پر معمول کے مطابق واپسی کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
جامعہ قطر نے تمام متعلقہ افراد کو سرکاری ضوابط اور دفتری اوقات کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایران، امریکہ جنگ: تازہ خبروں کے لیے کلک کریں
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام تعلیمی اور انتظامی امور اب طے شدہ شیڈول کے مطابق براہ راست یونیورسٹی کیمپس کے اندر سے ہی انجام دیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں کابینہ کے جنرل سیکرٹریٹ نے تمام وزارتوں، سرکاری محکموں اور خود مختار اداروں کے ملازمین کو بھی دفاتر آنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل 8 مارچ کو جاری کردہ ورک فرام ہوم کے احکامات کو اب باقاعدہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ قطر نے 8 مارچ کو خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کے تناظر میں 70 فیصد ملازمین کے لیے ریموٹ ورک کا نظام نافذ کیا تھا۔
وزارت داخلہ نے تعلیمی اداروں میں طلبہ اور عملے کی حفاظت کے لیے منظور شدہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی تاکید کی ہے اور اسکولوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا ہے۔
وزارت داخلہ نے ہنگامی اخراج کے راستوں، محفوظ مقامات اور اسمبلی پوائنٹس کی جانچ پڑتال کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں عمارت خالی کرنے یا پناہ لینے کے طریقہ کار سے متعلق طلبہ میں شعور بیدار کرنا لازمی ہے۔
علاوہ ازیں تعلیمی اداروں کے حفاظتی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی پروٹوکولز پر سختی سے عمل کریں۔