خطے میں جاری توانائی بحران کے تناظر میں چین اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک بڑے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں
خلیج عرب میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے راستے ہونے والی سپلائی میں تعطل کے باعث چینی حکومت اپنے توانائی کے اسٹریٹیجک تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
دی اکانومسٹ کے مطابق چین اپنی کل درآمدی خام تیل کا تقریباً نصف حصہ آبنائے ہرمز کے ذریعے حاصل کرتا ہے۔
یہ سمندری راستہ عالمی توانائی کے لیے انتہائی حساس ہے اور یہاں
کسی بھی قسم کی رکاوٹ براہ راست چینی معیشت اور توانائی سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
ایران، امریکہ جنگ: تازہ خبروں کے لیے کلک کریں
چینی معیشت کی بڑھتی ضروریات
اگرچہ چین خود بھی تیل پیدا کرنے والا ایک بڑا ملک ہے، لیکن اس کی بے پناہ کھپت اسے بیرونی سپلائی پر انحصار کرنے پر مجبور کرتی ہے۔
عالمی سطح پر چین کی کھپت کا حجم دیگر بڑی معیشتوں سے زیادہ ہے، جو اسے جغرافیائی سیاسی بحرانوں کے دوران انتہائی غیر محفوظ بناتا ہے۔
احتیاطی تدابیر اور اسٹریٹیجک ذخائر
رپورٹ کے مطابق بیجنگ نے بحران سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی ہے۔
چین کے پاس اس وقت تقریباً 120 دنوں کے لیے کافی اسٹریٹیجک آئل ذخائر موجود ہیں، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مارکیٹ کے استحکام اور عارضی تعطل کے دوران ضروری اقدامات کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔
ٹی پاٹ ریفائنریز اور چینی کرنسی
چین ٹی پاٹ ریفائنریز کے ذریعے خاص طور پر ایران سے رعایت پر تیل درآمد کرتا ہے۔
یہ آزاد ریفائنریز بین الاقوامی پابندیوں سے بچنے کے لیے ڈالر کے بجائے چینی یوآن میں لین دین کرتی ہیں، جن کے ذریعے روزانہ تقریباً 14 لاکھ بیرل خام تیل چینی منڈیوں تک پہنچایا جاتا ہے۔
مقامی مارکیٹ کا استحکام
کسی بھی ممکنہ قلت کو روکنے کے لیے چین نے اپنی ایندھن کی برآمدات کو محدود یا مکمل بند کرنے کی پالیسی پر غور شروع کردیا ہے۔
اس کا بنیادی مقصد مقامی منڈی میں ایندھن کی دستیابی برقرار رکھنا اور قیمتوں کو غیر ضروری اضافے سے بچانا ہے تاکہ اندرونی معاشی استحکام متاثر نہ ہو۔
چیلنجز اور عالمی اثرات
چین کو سمندری فریٹ اور انشورنس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ساتھ ساتھ عالمی سپلائی چین کے تعطل جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
اس کے علاوہ دیگر بڑی معیشتوں کے ساتھ توانائی کے وسائل کے حصول کے لیے سخت مقابلہ بھی چین کی حکمت عملی پر دباؤ ڈالنے کا باعث بن رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ طویل مدتی تناؤ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں کو متاثر کر سکتا ہے، جس سے نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا کی اقتصادی شرح نمو متاثر ہو سکتی ہے۔
چین کی خاموش مگر پیچیدہ حکمت عملی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ توانائی کے بدلتے ہوئے عالمی نقشے پر اب طاقت کا توازن سپلائی چین کے تحفظ سے جڑا ہے۔