سلطنت عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ ملک کے شمالی علاقے الدقم کی فضائی حدود میں 2 ڈرون طیاروں کی موجودگی کی اطلاع پر متعلقہ دفاعی حکام نے فوری اور مؤثر کارروائی کی ہے۔
مزید پڑھیں
حکام کے مطابق عُمانی فورسز ان مشکوک ڈرونز کا سراغ لگانے اور انہیں ناکام بنانے میں کامیاب رہیں۔
کارروائی کے دوران ایک ڈرون کو نشانہ بنا کر فضا ہی میں مار گرایا گیا، جبکہ دوسرا ڈرون قریبی سمندر میں جا گرا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان ہوا اور نہ ہی زمینی تنصیبات کو کوئی نقصان پہنچا۔
حکومت نے ملکی حدود میں اس طرح کی مسلسل دراندازی کی کارروائیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مذمت کی ہے اور جاری بیان میں واضح کیا ہے کہ ملک کے امن و امان اور شہریوں و مقیمین کی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
ایران، امریکہ جنگ: اپ ڈیٹ رہنے کے لیے کلک کریں
سلطنت کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ملکی دفاع اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اور ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔
متعلقہ سیکیورٹی اداروں نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس واقعے کا تمام پہلوؤں اور باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام ساحلی علاقوں اور فضائی حدود کی نگرانی کے نظام کو مزید سخت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
عمان کی جانب سے عالمی برادری کو بھی پیغام دیا گیا ہے کہ فضائی دفاع اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پوری طرح مستعد ہے اور کسی بھی بیرونی مداخلت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔