سید مسرت خلیل
جدہ
جدہ میں یونائٹڈ جرنلسٹس فورم کے زیرِ اہتمام عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پر یادگاری کرکٹ میچ منعقد ہوا، جس میں KAMC کرکٹ کلب نے جرنلسٹس کرکٹ کلب کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
تقریب میں ایدھی مرحوم کی انسانیت کے لیے بے مثال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
سعودی عرب کے شہر جدہ میں یونائٹڈ جرنلسٹس فورم جدہ کے زیرِ اہتمام عظیم سماجی رہنما، انسانیت کے بے لوث خادم اور عالمی سطح پر خدمتِ خلق کی علامت عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی کے موقع پر ایک روزہ یادگاری نمائشی کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی KAMC کرکٹ کلب نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرنلسٹس کرکٹ کلب کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
یہ یادگاری میچ عبدالستار ایدھی کی انسان دوستی، ایثار، اخوت اور بلاامتیاز خدمتِ خلق کے عظیم مشن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، صحافیوں، ڈاکٹروں اور کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
KAMC کرکٹ کلب کی قیادت سعودی عرب کے ممتاز کنسلٹنٹ جنرل و سرجیکل آنکولوجی سرجن ڈاکٹر ارشد اللہ خان نے کی، جبکہ جرنلسٹس کرکٹ کلب کے کپتان سینئر صحافی جہانگیر خان تھے۔
میچ میں جرنلسٹس کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 98 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے آصف قاضی نے 32 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔ جواب میں KAMC کرکٹ کلب نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کر لی۔
فاتح ٹیم کی جانب سے ڈاکٹر سعود غازی، ڈاکٹر نور اللہ، ڈاکٹر مرسلین، ڈاکٹر فرخ، ڈاکٹر طارق اور ڈاکٹر جبران نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں عمدہ کھیل پیش کیا، جبکہ کپتان ڈاکٹر ارشد اللہ خان نے بہترین حکمتِ عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پورے میچ کے دوران بہترین کھیل اور اعلیٰ سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے بھرپور سراہا۔
جرنلسٹس کرکٹ کلب کی ٹیم میں کپتان جہانگیر خان، راجہ شعیب الطاف، حاجی عثمان، محمد عدیل، عاطف علی، فواد سواتی، حمزہ سواتی، محمد اسلام، زبیر صدیقی، فہد حمید اور آصف رفیق شامل تھے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی مکہ مکرمہ کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت حاجی عثمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل معاشرے میں اتحاد، بھائی چارے، محبت اور مثبت اقدار کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہے۔
عبدالستار ایدھی کی یاد میں اس نمائشی میچ کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کو ان کے عظیم مشنِ خدمتِ خلق سے روشناس کرانا اور معاشرے میں انسان دوستی کے جذبے کو مزید فروغ دینا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی حاجی عثمان نے فاتح ٹیم KAMC کرکٹ کلب کے کپتان ڈاکٹر ارشد اللہ خان کو وننگ ٹرافی پیش کی، جبکہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ان کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد بھی دی گئی۔