مسجد نمرہ میں گزشتہ ایک صدی کے دوران 17 ممتاز علما اور ائمہ کرام کو خطبۂ عرفہ دینے کا شرف حاصل ہوا۔ سابق مفتیٔ اعظم سعودی عرب شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے سب سے زیادہ 34 مرتبہ خطبہ دیا جبکہ حج 1447 ہجری کے لیے شیخ ڈاکٹر علی بن عبدالرحمن الحذیفی کو خطبۂ عرفہ دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران مسجد نمرہ میں خطبۂ عرفہ دینے کی سعادت 17 ممتاز ائمہ اور علمائے کرام کو حاصل ہوئی۔
ان میں سب سے زیادہ خطبات سابق مفتیٔ اعظم سعودی عرب شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے دیئے، جنہوں نے 1402 ہجری سے 1436 ہجری تک مجموعی طور پر 34 مرتبہ خطبۂ عرفہ دیا۔
ان کے بعد شیخ عبداللہ بن حسن آل الشیخ کا نمبر آتا ہے، جنہوں نے مسلسل 25 برس تک 25 خطبات دیئے۔
مزید پڑھیں
مسجد نمرہ میں خطبۂ عرفہ کی روایت سعودی عرب کے تیسرے دورِ حکومت میں شروع ہوئی، جب 1343 ہجری میں شیخ محمد بن عبداللطیف بن عبدالرحمن نے شاہ عبدالعزیز کے حکم سے خطبہ دیا۔
اس کے بعد 1344 ہجری سے 1369 ہجری تک شیخ عبداللہ بن حسن نے یہ ذمہ داری سنبھالی۔
پھر 1370 ہجری سے 1376 ہجری تک شیخ محمد بن عبداللہ بن حسن آل
الشیخ خطبۂ عرفہ دیتے رہے۔
1377 ہجری میں شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن حسن آل الشیخ کو خطبہ دینے کی ذمہ داری سونپی گئی، جو 1398 ہجری تک برقرار رہی۔
بعد ازاں 1399 ہجری میں شیخ صالح بن محمد اللحیدان نے خطبہ دیا، جبکہ 1400 اور 1401 ہجری میں دوبارہ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے یہ فریضہ انجام دیا، تاہم بعد میں انہوں نے صحت کے مسائل کے باعث معذرت کرلی۔
1402 ہجری سے 1436 ہجری تک ان کے پوتے، شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے مسلسل مسجد نمرہ کے منبر سے خطبۂ عرفہ دیا۔
ان کے بعد 1437 ہجری میں شیخ عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس، 1438 ہجری میں شیخ سعد بن ناصر الشثری، اور 1439 ہجری میں شیخ حسین بن عبدالعزیز آل الشیخ کو خطبے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
بعد کے برسوں میں 1440 ہجری میں شیخ محمد بن حسن آل الشیخ، 1441 ہجری میں شیخ عبداللہ بن سلیمان المنیع، 1442 ہجری میں شیخ بدر بن عبدالعزیز بلیلہ، 1443 ہجری میں شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالكریم العیسی، 1444 ہجری میں ڈاکٹر یوسف بن محمد بن سعید، اور 1445 ہجری میں شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد المعیقلی نے خطبۂ عرفہ دیا۔
گزشتہ سال 1446 ہجری میں مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید کو خطبۂ عرفہ دینے کا اعزاز حاصل ہوا۔
رواں سال حج 1447 ہجری کے لیے شیخ ڈاکٹر علی بن عبدالرحمن الحذیفی کو خطبۂ عرفہ دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، یوں وہ گزشتہ ایک صدی کے دوران مسجد نمرہ کے 17ویں خطیب بن گئے ہیں۔
ان کی تقرری اعتدال، میانہ روی اور اسلامی پیغامِ توازن کو اجاگر کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔