اہم خبریں
3 June, 2026
--:--:--

حجاج یوم الترویہ کے لئے منیٰ پہنچ گئے، فضائیں تلبیہ سے گونج اٹھیں

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes

حجاجِ بیت اللہ آج 8 ذوالحجہ، یومِ ترویہ کے موقع پر مشعرِ منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے، جہاں وہ سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق قیام کریں گے۔
روحانی ماحول میں تلبیہ، ذکر اور عبادات کے ساتھ حجاج میدانِ عرفات روانگی کی تیاری کر رہے ہیں جبکہ شدید گرمی کے پیش نظر حفاظتی ہدایات پر عمل کی تلقین بھی کی گئی ہے۔

حجاجِ کرام نے آج 8 ذوالحجہ 1447 ، یومِ ترویہ کے موقع پر مشعرِ منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے، جہاں وہ سنتِ نبوی ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے رات قیام کریں گے تاکہ کل میدانِ عرفات میں وقوفِ عرفہ، جو حج کا سب سے اہم رکن ہے، ادا کرسکیں۔ 

اس روح پرور سفر کے دوران حجاج کی زبانوں پر تلبیہ، تکبیر اور ذکرِ الٰہی جاری ہے جبکہ پورا ماحول ایمانی کیفیت سے سرشار ہے۔

یومِ ترویہ کے موقع پر حجاجِ کرام سنت کے مطابق منیٰ پہنچتے ہیں اور 9 ذوالحجہ کی صبح تک وہیں قیام کرتے ہیں۔ 

حجِ قران اور حجِ افراد ادا کرنے والے حجاج اپنے پہلے احرام ہی میں رہتے ہیں، جبکہ حجِ تمتع کرنے والے حجاج مکہ مکرمہ یا اپنی رہائش گاہوں سے دوبارہ احرام باندھ کر مناسکِ حج کا آغاز کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں

حجاجِ کرام آج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب، عشاء اور کل کے دن کی فجر کی نمازیں ادا کریں گے، جہاں 4 رکعت والی نمازیں قصر کرکے پڑھی جاتی ہیں تاہم نمازوں کو جمع نہیں کیا جاتا، جیسا کہ نبی کریم ﷺ کی سنت ہے۔ 

منی پہنچنے والے حجاج آج کثرت سے دعا، تلبیہ اور ذکر و اذکار میں مشغول رہیں گے۔

مشعرِ منیٰ مکہ مکرمہ اور مزدلفہ کے درمیان مسجد الحرام سے تقریباً 7 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے اور حدودِ حرم کا حصہ ہے۔

یہ مقام صرف حج کے دنوں میں آباد ہوتا ہے اور اسلامی تاریخ میں اسے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ 

روایت کے مطابق حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اسی مقام پر شیطان کو کنکریاں ماریں اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی کا عظیم واقعہ بھی انہی مقدس یادوں سے جڑا ہوا ہے۔

5654464
حجاجِ کرام یومِ ترویہ کے لیے مشعرِ منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے (فوٹو: واس)

منیٰ تاریخی اعتبار سے بھی نمایاں مقام رکھتا ہے، جہاں مسجد خیف واقع ہے، جس میں نبی کریم ﷺ اور متعدد انبیائے کرام نے نماز ادا کی۔ 

اسی مقام پر بیعتِ عقبہ اولیٰ اور بیعتِ عقبہ ثانیہ جیسے اہم اسلامی واقعات پیش آئے، جنہوں نے اسلامی تاریخ کا رخ تبدیل کردیا۔

حج سیزن کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کی سہولت کے لیے سیکیورٹی، صحت، ٹرانسپورٹ، خوراک اور دیگر خدمات کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ حجاج مکمل اطمینان اور آسانی کے ساتھ اپنے مناسک ادا کرسکیں۔

5646446
منیٰ میں حجاج سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق رات قیام کریں گے (فوٹو: واس)

دوسری جانب قومی مرکز برائے موسمیات نے آج کے موسم کی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشاعرِ مقدسہ میں شدید گرمی متوقع ہے۔ 

عرفات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ مکہ مکرمہ، منیٰ اور مزدلفہ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ 

مدینہ منورہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔

متعلقہ اداروں نے حجاجِ کرام کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ پانی پئیں، براہِ راست دھوپ میں زیادہ دیر رہنے سے گریز کریں اور صحت سے متعلق ہدایات پر عمل کریں، تاکہ گرمی کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات اور ہیٹ اسٹریس سے محفوظ رہ سکیں۔