مکہ مکرمہ میں حج 1447 کے موقع پر لاکھوں عازمین کی آمد کے پیش نظر ٹرانسپورٹ نظام کو غیر معمولی انداز میں فعال کر دیا گیا ہے، جہاں حجاج کرام کی نقل و حمل کو محفوظ، منظم اور تیز بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
مکہ مکرمہ کے جنرل ٹرانسپورٹ سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ 24 ہزار سے زائد بسیں مکمل تیاری کے ساتھ مخصوص پارکنگ اور آپریشنل مراکز میں موجود ہیں، جو حج ایام کے دوران مشاعر مقدسہ، اہم مقامات اور مختلف رہائشی علاقوں کے درمیان حجاج کرام کی آمد و رفت کو یقینی بنائیں گی۔
مزید پڑھیں
دوسری جانب جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بھی حج سیزن کے لیے اپنی جامع آپریشنل حکمت عملی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس سال 33 ہزار سے زائد بسیں اور 5 ہزار ٹیکسیاں عازمین حج کی خدمت کے لیے مختص کی گئی ہیں، تاکہ ٹرانسپورٹ کے نظام پر دباؤ کم ہو اور حجاج کو آسان اور بروقت سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق منصوبے میں بین المدن سفر کو بھی خصوصی اہمیت دی
گئی ہے، جس کے تحت 139 بین المدن بسیں 32 مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی۔
یہ بسیں ہر ہفتے 1139 سے زائد سفری آپریشنز مکمل کریں گی، جس سے مملکت کے مختلف شہروں، داخلی راستوں، ہوائی اڈوں اور حج مقامات کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔
ٹرانسپورٹ حکام نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات ایک مربوط آپریشنل اور نگرانی کے نظام کے تحت کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد حجاج کرام کو محفوظ، آرام دہ اور منظم سفری ماحول فراہم کرنا ہے۔ منصوبے میں منظور شدہ کرایوں، سروس کے معیار، ٹریفک روانی اور حفاظتی تقاضوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
یہ وسیع انتظامات سعودی عرب کی اس حکمت عملی کا حصہ ہیں جس کے تحت ہر سال حج سیزن میں جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر، مربوط لاجسٹک پلاننگ اور جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے لاکھوں حجاج کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، تاکہ مشاعر مقدسہ اور مکہ مکرمہ کے اہم مقامات کے درمیان نقل و حرکت مزید منظم اور مؤثر بن سکے۔