سعودی وزارت صحت کے مطابق حج 1447 ہجری کے آغاز سے تیسرے ذوالحجہ تک حجاج کو ایک لاکھ 82 ہزار 700 سے زائد طبی خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔
ہزاروں افراد نے طبی مراکز، ایمرجنسی اور بیرونی کلینکس سے فائدہ اٹھایا جبکہ دل کے آپریشنز اور ہیٹ اسٹروک کے کیسز سے بھی مؤثر انداز میں نمٹا گیا۔
وزارتِ صحت کے مطابق اب تک 12 ایسے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں گرمی کی شدت یا سورج کی تپش سے متاثر ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
دوسری جانب وزارتِ صحت کے متحدہ کال سینٹر 937 نے بھی حجاج کی رہنمائی اور طبی معاونت میں اہم کردار ادا کیا، جہاں 12 ہزار 600 سے زائد کالز موصول ہوئیں، جن کے ذریعے طبی مشورے، ہنگامی رہنمائی اور مختلف صحت خدمات سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ حج سیزن کے دوران طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید طبی ٹیکنالوجی، پیشگی منصوبہ بندی، ہنگامی ردعمل کے مربوط نظام اور تربیت یافتہ طبی عملے کو استعمال میں لایا جا رہا ہے، تاکہ لاکھوں عازمینِ حج کو محفوظ، مؤثر اور عالمی معیار کی طبی سہولیات میسر آ سکیں۔