سعودی ادارے نے مملکت میں احرام کی درآمدات کے اعداد و شمار جاری کئے ہیں، جن کے مطابق 2025 کے دوران سعودی عرب میں 4 کروڑ 45 لاکھ سے زائد احرام درآمد کئے گئے۔
سعودی عرب کی زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے ان اعداد و شمار میں اضافے کی وجہ حج اور عمرے کے لوازمات کی بڑھتی ہوئی طلب کو قرار دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق، 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران احرام کی درآمدات ایک کروڑ 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں، جو حج سیزن کے دوران مقامی منڈیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جاری سرگرمیوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں
اتھارٹی نے 2025 کے دوران سعودی عرب کو احرام برآمد کرنے والے نمایاں ممالک بھی بتائے، جن میں چین، پاکستان، انڈونیشیا، مصر اور ترکی شامل ہیں۔
احرام کی درآمدات میں اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حجاج اور معتمرین کی خدمت سے متعلق مصنوعات کی فراہمی اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں تاکہ حجاج اور
عمرہ زائرین کی بڑھتی تعداد کے مطابق خدمات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے، جو وژن 2030 کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے۔
ہر سال رمضان المبارک کے دوران مقدس مقامات پر زائرین کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، کیونکہ یہ مہینہ عمرے کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق، گزشتہ سال رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے زائرین کی مجموعی تعداد 12 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جن میں ایک کروڑ 65 لاکھ سے زائد عمرہ زائرین، مسجد الحرام میں 7 کروڑ 50 لاکھ نمازی، جبکہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے نمازیوں کی تعداد 3 کروڑ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔