متحدہ عرب امارات کے ریاستی سیکیورٹی ادارے نے آج پیر کے روز ایک دہشت گرد تنظیم کو بے نقاب کرنے اور اس کے عناصر کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے جو خفیہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور ملک کی قومی وحدت کو نقصان پہنچانے اور منظم دہشت گردانہ و تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کے ذریعے استحکام کو متزلزل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ اس تنظیم کا تعلق ایران کے ’ولایتِ فقیہ‘ نظام سے ہے۔
مزید پڑھیں
امارات نیوز ایجنسی ’وام‘ کے مطابق سیکیورٹی ادارے نے کہا ہے کہ مزید تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ تنظیم کے ارکان انتہا پسند دہشت گرد نظریات کے حامل تھے جو داخلی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے خفیہ ملاقاتوں کے ذریعے افراد کو اپنی طرف مائل کرنے اور بھرتی کرنے کی سرگرمیاں انجام دیں، جو بیرونی عناصر کے ساتھ مربوط
منصوبہ بندی کے تحت حساس مقامات تک رسائی حاصل کرنے کے مقصد سے کی جا رہی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق تنظیم کے ارکان نے ملک کے اندر اور بیرونِ ملک خفیہ اجلاس منعقد کیے، جن میں دہشت گرد عناصر اور مشتبہ گروہوں کے ساتھ رابطے کیے گئے تاکہ اماراتی نوجوانوں میں گمراہ کن نظریات پھیلائے جائیں اور انہیں بیرونی وفاداریوں کے لیے بھرتی کیا جائے، نیز ریاست کی خارجہ پالیسی اور داخلی اقدامات کے خلاف اشتعال انگیزی کی جائے اور ملک کا منفی تاثر پیش کیا جائے۔
اس کے علاوہ، انہوں نے غیر قانونی طریقوں سے رقوم جمع کر کے مشتبہ بیرونی اداروں کو منتقل بھی کیں۔
تنظیم کے ارکان پر عائد الزامات میں خفیہ تنظیم کا قیام، ملک کے اندر اس کا انتظام و انصرام، بیرونی وفاداریوں کا حلف اٹھانا اور قومی وحدت و سماجی امن کو نقصان پہنچانا شامل ہے۔
ریاستی سیکیورٹی ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوامی سلامتی کو درپیش ہر خطرے کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھے گا اور شہریوں و مقیم افراد سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع سرکاری ذرائع کے ذریعے دیں تاکہ امن و استحکام کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔