اہم خبریں
21 April, 2026
--:--:--

ریاض الخبرا میں طوفانی بارش، کئی ٹرک الٹ گئے، کھمبے اکھڑ گئے

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
ریاض الخبرا میں طوفانی بارش
متعلقہ اداروں نے فوری طور پر متاثرہ مقامات پر کارروائی شروع کر دی ہے

القصیم ریجن کے مغربی علاقے ریاض الخبراء اور القرین میں آج اچانک آنے والی شدید طوفانی بارش نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیئے۔ 

موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز و تند ہواؤں نے نہ صرف بجلی کے کھمبے گرا دیئے بلکہ شاہراہوں پر چلنے والی متعدد بھاری گاڑیاں اور ٹرک بھی الٹ گئے، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

مزید پڑھیں

عینی شاہدین کے مطابق، طوفانی ہواؤں کی رفتار غیر معمولی حد تک تیز تھی، جس کے باعث بجلی کے کھمبے ایک کے بعد ایک گرتے چلے گئے۔ 

کئی مقامات پر بجلی کی ترسیل معطل ہو گئی جبکہ سڑکوں پر گرے کھمبوں اور تاروں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔

مقامی شہری محمد العرینی اور دیگر افراد نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں، جن میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز ہواؤں

 کے دباؤ سے بڑے بڑے ٹرک اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور سڑک کنارے الٹ گئے۔ 

خوش قسمتی سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم مالی نقصان کافی زیادہ بتایا جا رہا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد متعلقہ سرکاری ادارے اور ہنگامی خدمات کی ٹیمیں متحرک ہو گئیں۔

 امدادی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر گرے ہوئے بجلی کے کھمبوں اور ملبے کو ہٹانے کا عمل شروع کیا جبکہ ٹریفک پولیس نے سڑکوں کو عارضی طور پر بند کر کے متبادل راستوں کی طرف گاڑیوں کا رخ موڑ دیا۔ 

حکام کے مطابق، بجلی کی بحالی اور سڑکوں کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

6545644654
فوٹو: واس

دوسری جانب حائل کے علاقے میں بھی شام کے وقت موسلا دھار بارش ہوئی، جو بعض مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ تھی۔ 

یہ بارش شہر حائل کے علاوہ متعدد اضلاع، قصبات اور دیہی علاقوں تک پھیلی، جس کے نتیجے میں وادیاں اور برساتی نالے بھر گئے اور پانی کی روانی میں اضافہ ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان موجود ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔