وزارتِ ہیومن ریسورسز نے اعلان کیا ہے کہ مارکیٹنگ اور سیلز کے شعبوں میں سعودائزیشن کے تناسب میں اضافے کے دو فیصلوں کا اطلاق آج 19 اپریل 2026 سے شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام نجی شعبے کے اداروں کو دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد کیا گیا۔
یہ فیصلہ مملکت کے مختلف علاقوں میں شہری مرد و خواتین کے لیے بہتر روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان فیصلوں کے تحت نجی شعبے میں مارکیٹنگ اور سیلز کے پیشوں میں سعودائزیشن کی شرح 60 فیصد مقرر کی گئی ہے اور اس کا اطلاق ان اداروں پر ہوگا جہاں ان شعبوں میں کم از کم 3 ملازمین کام کرتے ہوں۔
وزارت نے مارکیٹنگ کے شعبے میں سعودی کارکن کو شمار کرنے کے لیے کم از کم تنخواہ 5,500 سعودی ریال مقرر کی ہے۔
مارکیٹنگ کے جن پیشوں کو سعودائزیشن میں شامل کیا گیا ہے ان میں شامل ہیں:
مارکیٹنگ مینیجر، اشتہاراتی ایجنٹ، ایڈورٹائزنگ ڈائریکٹر، گرافک ڈیزائنر، ایڈورٹائزنگ ڈیزائنر، پبلک ریلیشنز اسپیشلسٹ، اشتہاراتی ماہر، مارکیٹنگ اسپیشلسٹ، پبلک ریلیشنز مینیجر اور فوٹوگرافر۔
جبکہ سیلز کے شعبے میں شامل پیشے یہ ہیں:
سیلز مینیجر، ریٹیل سیلز نمائندہ، ہول سیل سیلز نمائندہ، سیلز نمائندہ، آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن آلات کے سیلز ماہر، سیلز اسپیشلسٹ، کمرشل اسپیشلسٹ، اور کموڈیٹی بروکر۔
وزارت نے ان دونوں فیصلوں سے متعلق رہنما ہدایات اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دی ہیں، جن میں شامل پیشوں، نفاذ کے طریقہ کار، سعودائزیشن کی شرح کے حساب اور خلاف ورزی کی صورت میں سزاؤں کی تفصیلات شامل ہیں، تاکہ ادارے اور آجر مکمل آگاہی حاصل کر سکیں۔
یاد رہے کہ یہ فیصلے وزارت کی اُن مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں جو متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر لیبر مارکیٹ کی حکمتِ عملی اور وژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے، قومی افرادی قوت کی حمایت اور مختلف شعبوں میں ان کے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔