جدہ کے النزهہ محلے میں 6 گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر سول ڈیفنس کی ٹیموں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے بروقت کارروائی کی اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا۔
سول ڈیفنس کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائر فائٹنگ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور منظم انداز میں کارروائی کرتے ہوئے شعلوں پر قابو پا لیا۔
ٹیموں نے قریبی گاڑیوں اور اردگرد کے علاقوں کو محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات بھی کیے، جس کے باعث آگ کسی دوسرے مقام تک نہیں پھیلی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جو بروقت کارروائی کا نتیجہ ہے تاہم ابتدائی طور پر مالی نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ گاڑیوں کو شدید یا جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب آگ لگنے کی وجوہ تاحال واضح نہیں ہو سکیں۔ متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آگ کس وجہ سے بھڑکی۔
ابتدائی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور رپورٹ آنے کے بعد حتمی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ اچانک لگی اور کچھ ہی دیر میں کئی گاڑیاں اس کی لپیٹ میں آ گئیں تاہم امدادی ٹیموں کی بروقت کارروائی سے بڑا نقصان ٹل گیا۔