ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود سے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ملاقات کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ خطے کی تازہ صورتحال، جاری فوجی کشیدگی کے اثرات، بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی اور توانائی کی فراہمی کے تحفظ کو درپیش خطرات اور عالمی معیشت پر اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ساتھ ہی خطے کے امن و استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں میں ہم آہنگی پر بھی بات ہوئی۔
دریں اثنا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ میں اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے بھی ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور مشرق وسطیٰ میں جاری فوجی کشیدگی، اس کے علاقائی اور عالمی امن و استحکام پر اثرات اور اس حوالے سے جاری کوششوں میں باہمی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
قبل ازیں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور اردن کے فرمانروا شاہ عبد اللہ دوم جدہ پہنچے تو ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز نے جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا الگ الگ استقبال کیا۔