قطر کے مختلف علاقوں میں ’میمیٹس‘ بادل دیکھے گئے، جس نے عوام کی توجہ حاصل کر لی اور سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر بھی وائرل ہو گئیں خاص طور پر اس وقت جب جزیرۂ عرب کے بعض ممالک میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش جاری ہے۔
الجزیرہ کے مطابق میمیٹس بادل اپنی منفرد ساخت کے باعث نمایاں ہوتے ہیں کیونکہ یہ آسمان میں لٹکتے ہوئے تھیلوں یا ابھری ہوئی گول شکلوں جیسے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ دراصل کوئی الگ قسم کے بادل نہیں بلکہ عموماً گرج چمک والے بڑے بادلوں کے نچلے حصے میں بننے والی ایک اضافی شکل ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں
ان بادلوں کی تشکیل اس وقت ہوتی ہے جب ٹھنڈی اور نمی سے بھرپور ہوا نیچے کی طرف اتر کر خشک فضا سے ملتی ہے، جس کے نتیجے میں یہ لٹکی ہوئی ساخت پیدا ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ بادل اکثر طوفانی موسم کے ساتھ نظر آتے ہیں لیکن ان کی موجودگی لازمی طور پر کسی شدید طوفان یا خطرناک موسم کی علامت نہیں ہوتی۔
البتہ یہ اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ فضا میں نمی، درجہ حرارت اور ہوائی دباؤ کے درمیان مضبوط تغیرات موجود ہیں اور موسم میں سرگرمی پائی جا رہی ہے۔
میمیٹس بادلوں کی موجودگی کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ لازماً کوئی طوفان یا شدید موسمی صورتحال پیش آئے گی کیونکہ یہ اکثر درمیانے درجے کے طوفانوں کے ساتھ بھی ظاہر ہوتے ہیں۔ لہٰذا گھبرانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ یہ بذاتِ خود کسی فوری خطرے کی یقینی علامت نہیں ہوتے۔
اسی لیے ماہرینِ موسمیات انہیں اس بات کی علامت سمجھتے ہیں کہ اوپر موجود بادل فعال اور پیچیدہ ساخت کے حامل ہیں۔