فیفا کے صدر جیانی انفانتینو کی بیٹی ایلیسیا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران مراکش کی قومی ٹیم کی جرسی پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو مراکش اور فرانس کے درمیان اہم مقابلے سے قبل سامنے آئی ہے۔
ویڈیو میں ایلیسیا کو اپنے والد کے ساتھ گاڑی سے اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں انہوں نے مراکشی ٹیم کی وہی جرسی زیب تن کر رکھی ہے جس پر ٹیم کے کپتان اشرف حکیمی کا نمبر 2 درج ہے۔
یہ مناظر مراکش کی کینیڈا پر فتح کے چند گھنٹوں بعد ریکارڈ کیے گئے
اور اس ویڈیو کلپ نے فٹ بال شائقین میں زبردست بحث چھیڑ دی ہے۔
مراکشی مداحوں نے اسے اپنی ٹیم کے لیے ایلیسیا کی حمایت اور ہمدردی کا اظہار قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین اس عمل کو کھیل اور ثقافتی شناخت کے خوبصورت ملاپ کے طور پر سراہ رہے ہیں۔
La fille du président de la FIFA qui soutient le Maroc… 🇲🇦😂
— zlayjiya (@zlayjiya) July 4, 2026
Dans quelques instants, ceux que vous connaissez vont sûrement sortir une nouvelle théorie du complot. Cette fois, ils diront que la FIFA, Infantino et même sa famille font partie du "complot" en faveur du Maroc. 🤣🍿 pic.twitter.com/Zs9RMphFtL
ایلیسیا کے اس اقدام کو ان کی عرب جڑوں سے بھی جوڑا جا رہا ہے، کیونکہ ان کی والدہ لینا الاشقر کا تعلق لبنان سے ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ایلیسیا نے اس جرسی کے ذریعے نہ صرف اپنے عرب ورثے پر فخر کا اظہار کیا بلکہ کھیل کے جذبے کو بھی اجاگر کیا ہے۔
یاد رہے کہ مراکش نے گزشتہ ہفتے ہیوسٹن کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں کینیڈا کو تین صفر سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
اس شاندار فتح کے بعد اب مراکشی ٹیم کوارٹر فائنل میں فرانس کے مدمقابل ہوگی اور یہ اہم ترین مقابلہ آئندہ جمعرات کو بوسٹن کے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اس میچ کا آغاز مکہ مکرمہ اور دوحہ کے مقامی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے ہوگا، جس پر دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کی نظریں مرکوز ہیں۔