سعودی عرب میں سفر و سیاحتی ایجنسیوں نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران بیرونِ ملک سفر کی بکنگ منسوخ کرنے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات سے متعلق مجموعی بکنگ میں سے 40 فیصد سے زیادہ منسوخ ہو چکی ہیں، جس کی بڑی وجہ خطے میں فوجی کشیدگی کے باعث بین الاقوامی فضائی پروازوں کی صورتحال سے متعلق غیر یقینی کیفیت ہے۔
مزید پڑھیں
سیاحت اور سفر کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے مطابق بہت سے سعودی مسافروں نے اپنی سیاحتی منصوبہ بندی تبدیل کرتے ہوئے بیرونِ ملک سفر کے بجائے اندرونِ ملک مقامات کا رخ کرنے کو ترجیح دی ہے کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ بعض ممالک میں اچانک پروازیں منسوخ یا فضائی حدود بند ہو سکتی ہیں۔
اس کے ساتھ اندرونِ ملک کئی سیاحتی مقامات پر ہوٹلوں اور مقامی
پروازوں کی بکنگ میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔
مدینہ منورہ سرِفہرست
مقامی شہری اور غیر ملکیوں کے ہاں بھی مدینہ منورہ عید کی تعطیلات کے دوران سب سے زیادہ پسندیدہ مقام بن کر ابھرا ہے کیونکہ یہ شہر اپنی دینی و روحانی اہمیت کے ساتھ ساتھ جدید سیاحتی سہولیات بھی رکھتا ہے جو بڑی تعداد میں زائرین کی دلچسپی کا مرکز ہے۔
اس کے علاوہ جدہ، ابہا، طائف، الباحہ اور العلا میں بھی سیاحتی سرگرمیوں اور ہوٹل بکنگ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ شہر مختلف تفریحی اور قدرتی سرگرمیوں کی وجہ سے سیاحوں کے لیے اہم مراکز سمجھے جاتے ہیں۔
سفر کے فیصلوں میں زیادہ احتیاط
ریاض میں ٹریول ایجنسی کے ڈائریکٹر سلمان الحربی کے مطابق موجودہ حالات میں بہت سے مسافر بین الاقوامی سفر کی بکنگ کرتے وقت زیادہ محتاط ہو گئے ہیں اور وہ ایسے مقامات کو ترجیح دے رہے ہیں جہاں ملک کے اندر آسانی سے سفر کیا جا سکے اور فضائی سفر کی ممکنہ رکاوٹوں کا خدشہ نہ ہو۔
سیاحت اور سفر کے ماہر ماجد القحطانی کا کہنا ہے کہ فضائی پروازوں کی غیر یقینی صورتحال کے باعث متعدد خاندانوں نے عارضی طور پر بیرونِ ملک سفر مؤخر کر دیا ہے اور عید کی چھٹیاں ملک کے اندر گزارنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
اندرونِ ملک سیاحت سب سے زیادہ مستفید
جدہ میں ایک سیاحتی کمپنی کے ڈائریکٹر عبداللہ المطیری کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں سعودی سیاحتی شہروں کے ہوٹلوں اور ریزورٹس میں طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، خصوصاً مدینہ منورہ میں جہاں عید کے مواقع پر ہمیشہ بڑی تعداد میں زائرین آتے ہیں۔
ماہرینِ سیاحت کے مطابق موجودہ علاقائی کشیدگی بالواسطہ طور پر ملک کے اندر سیاحت کو فروغ دینے کا سبب بن سکتی ہے، کیونکہ اس سے مسافروں کو مقامی سیاحتی مقامات دریافت کرنے کا موقع مل رہا ہے، جن میں گزشتہ برسوں کے دوران بنیادی ڈھانچے اور خدمات میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔
سفری ماہرین کا اندازہ ہے کہ عید کے موسم کے دوران بھی یہ رجحان برقرار رہ سکتا ہے، خاص طور پر جب تک بین الاقوامی فضائی سفر کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار رہتی ہے، جس کے باعث اندرونِ ملک مقامات مسافروں کے لیے زیادہ محفوظ اور مستحکم انتخاب بنے ہوئے ہیں۔