سابك نے ریاض میں منعقدہ پریس کانفرنس میں 2025 کے مالی نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سال بھر میں اس کا ایڈجسٹڈ خالص منافع 2.1 ارب ریال رہا جبکہ مجموعی آمدن 116.5 ارب ریال تک پہنچی۔
مزید پڑھیں
کمپنی نے گزشتہ سال 7.2 ارب ریال کا فری کیش فلو حاصل کیا جو 2024 کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی نے 2025 کی دوسری ششماہی کے لیے حصص یافتگان میں 4.5 ارب ریال کی تقسیم بھی کی۔ انتظامیہ کے مطابق یہ نتائج مارکیٹ دباؤ کے باوجود حاصل ہوئے۔ ادارہ پیٹروکیمیکل صنعت کے چیلنجز کے باوجود مثبت کاروباری عزم کے ساتھ ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔
سی ای او انجینئر عبدالرحمن بن صالح الفقيه نے کہا ہے کہ کمپنی سرمایہ کاری میں نظم و ضبط کے طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے صنعتی تحفظ اور سیکیورٹیز پر خاص توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام سے 2.34 ارب ریال جبکہ سعودی ارامکو کے ساتھ تعاون سے 12.26 ارب ریال حاصل ہوئے ہیں۔
الفقيه نے واضح کیا کہ پیٹروکیمیکل شعبہ بدستور رسد و طلب کے عدم توازن کے باعث مارجن دباؤ کا شکار ہے، تاہم حکمت عملی ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر ہے۔
ترقیاتی منصوبوں میں الجبیل میں میتھائل ٹرشیری بیوٹائل ایتھر (MTBE) منصوبہ ایک ملین میٹرک ٹن سالانہ گنجائش کے ساتھ فعال ہو چکا ہے جبکہ چین میں ’سابك فوجیان‘ پیٹروکیمیکل منصوبہ طے شدہ شیڈول کے مطابق تکمیل کے قریب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مستقبل کے منصوبوں میں پولی فینیلین ایتھر پر مبنی خصوصی کیمیکلز کی توسیع شامل ہے تاکہ ڈیٹا سینٹرز میں مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کے لیے ہائی پرفارمنس سرکٹ بورڈز کی بڑھتی طلب پوری کی جا سکے۔
اسی طرح سعودی عرب میں ایتھیلین آکسائیڈ کیٹالسٹ منصوبے میں سرمایہ کاری اور چین میں انجینئرنگ تھرمو پلاسٹک کمپاؤنڈنگ پلانٹ کے لیے سرمایہ کاری کے فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔
جدت کے شعبے میں کمپنی نے مصنوعی ذہانت کے حامل 490 سے زائد ڈیجیٹل ماڈلز متعارف کرائے جبکہ تقریباً 45 فیصد صنعتی تنصیبات میں اے آئی ٹولز کا استعمال شروع ہو چکا ہے تاکہ پیداوار، حفاظت اور کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
سال کے دوران 148 نئی مصنوعات عالمی صارفین کے لیے پیش کی گئیں اور ادارے کو کنگ عبدالعزیز کوالٹی ایوارڈ، ایڈیسن ایوارڈز اور R&D 100 سمیت متعدد عالمی اعزازات ملے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی کی برانڈ ویلیو پہلی بار 5 ارب ڈالر کی حد عبور کر کے 5.19 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر 5.4 فیصد اضافہ ہے۔
سابك نے مسلسل چھٹے سال عالمی کیمیکل شعبے میں سب سے قیمتی برانڈز میں دوسرا مقام برقرار رکھا، جو عالمی منڈیوں میں اس پر اعتماد اور ساکھ کی عکاسی کرتا ہے۔