جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے یکم سے 4 رمضان تک مملکت کے مختلف علاقوں میں ٹرانسپورٹ سرگرمیوں پر 73 ہزار 180 معائنے کیے اور اس دوران 14 ہزار 474 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
مزید پڑھیں
اتھارٹی کے مطابق مجموعی طور پر قوانین کی پابندی کی شرح 88 فیصد رہی۔ ان اقدامات کا مقصد زائرین اور دیگر مسافروں کو محفوظ اور معیاری سفری خدمات فراہم کرنا ہے۔
اتھارٹی نے وضاحت کی کہ نگرانی مہم کا مقصد پبلک ٹرانسپورٹ کی سروس کے معیار کو جانچنا، گاڑیوں کا تکنیکی معائنہ کرنا اور غیر قانونی طور پر مسافروں کو سوار کروانے کے عمل کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔
رمضان کے دوران ریکارڈ کی گئی خلاف ورزیوں میں ڈرائیوروں کا یونیفارم نہ پہننا، آپریٹنگ کارڈ کے بغیر کام کرنا، گاڑیوں کے نامکمل ڈاکومنٹس، ٹیکسی ڈرائیوروں کا کرایہ میٹر استعمال نہ کرنا اور نجی گاڑیوں کے ذریعے مسافروں کو غیر قانونی سروس دینا شامل ہے۔
4 دنوں میں مکہ مکرمہ ریجن میں 37 ہزار 318 معائنے کیے گئے، جن میں 9 ہزار 26 خلاف ورزیاں سامنے آئیں اور قوانین پر عمل درآمد کی شرح 85 فیصد رہی۔ اس دوران 266 سے زائد گاڑیاں ضبط کی گئیں۔
نگرانی ٹیمیں الشمیسی النموذجی، الشمیسی القدیم، النوارية، الكعكية سمیت متعدد مقامات پر تعینات رہیں، جبکہ حرمین ٹرین اسٹیشن، مسجد الحرام کے اطراف ٹرانسپورٹ مراکز، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور طائف ایئرپورٹ بھی نگرانی میں شامل رہے۔
اسی طرح مدینہ منورہ ریجن میں 12 ہزار 726 سے زائد معائنے کیے گئے، جن کے نتیجے میں 2 ہزار 515 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں اور عمل درآمد کی شرح 86 فیصد رہی۔
نگرانی ٹیمیں مرکزی علاقے، بس اسٹیشن، مسجد میقات، مسجد قبا، حرمین ٹرین اسٹیشن، شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ اور ینبع ایئرپورٹ پر تعینات رہیں۔
علاوہ ازیں مملکت کے دیگر علاقوں جیسے ریاض، مشرقی ریجن، تبوک اور حائل میں بھی 22 ہزار 863 سے زائد معائنے کیے گئے، جن کے دوران 2 ہزار 962 خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں اور 73 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔