سعودی جنرل اتھارٹی برائے بندرگاہیں ’موانئ‘ کے تحت کام کرنے والی بندرگاہوں پر جنوری 2026 کے دوران کنٹینرز کی ہینڈلنگ میں 2.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس مدت میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 38 ہزار 111 ٹی ای یو (20 فٹ حجم کے) کنٹینرز ہینڈل کیے گئے، جبکہ جنوری 2025 میں یہ تعداد 7 لاکھ 23 ہزار 571 تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق ٹرانس شپمنٹ (ٹرانزٹ یا مسافنہ) کنٹینرز میں نمایاں اضافہ ہوا، جو 22.44 فیصد بڑھ کر 1 لاکھ 84 ہزار 19 ٹی ای یو تک پہنچا، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ یہ تعداد 1 لاکھ 50 ہزار 295 تھی۔
دوسری جانب درآمدی کنٹینرز میں 3.23 فیصد کمی ہوئی اور یہ تعداد 2 لاکھ 84 ہزار 375 رہی، جبکہ گزشتہ سال یہ 2 لاکھ 93 ہزار 855 تھی۔
اسی طرح برآمدی کنٹینرز میں بھی 3.47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 2 لاکھ 69 ہزار 717 رہے، جبکہ جنوری 2025 میں یہ 2 لاکھ 79 ہزار 421 تھے۔
اس دورانیے میں مسافروں کی آمدورفت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس کے طمابق جنوری 2026 میں بندرگاہوں سے گزرنے والے مسافروں کی تعداد 42.27 فیصد بڑھ کر 1 لاکھ 43 ہزار 566 ہو گئی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد 1 لاکھ 9 ہزار 909 تھی۔
گاڑیوں کی تعداد میں بھی 3.31 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 1 لاکھ 9 ہزار 97 تک پہنچ گئی، جو ایک سال پہلے 1 لاکھ 5 ہزار 601 تھی۔
مویشیوں کی درآمد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ جنوری 2026 میں 8 لاکھ 86 ہزار 908 مویشی بندرگاہوں پر پہنچے، جو گزشتہ سال کے 5 لاکھ 91 ہزار 824 کے مقابلے میں 49.86 فیصد زیادہ ہیں۔
مائع بلک کارگو میں معمولی 0.28 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 1 کروڑ 41 لاکھ 2 ہزار 495 ٹن رہا، تاہم مجموعی کارگو ٹنّیج، جس میں جنرل کارگو، خشک بلک اور مائع بلک شامل ہیں، 3.04 فیصد کم ہو کر 1 کروڑ 92 لاکھ 5 ہزار 650 ٹن رہ گیا، جبکہ جنوری 2025 میں یہ 1 کروڑ 98 لاکھ 7 ہزار 69 ٹن تھا۔
جنرل کارگو کی مقدار 8 لاکھ 39 ہزار 987 ٹن اور خشک بلک کارگو 42 لاکھ 63 ہزار 168 ٹن رہا۔ اسی دوران بحری جہازوں کی آمد میں 1.75 فیصد کمی ہوئی اور جہازوں کی تعداد 1 ہزار 121 رہی، جو ایک سال قبل 1 ہزار 141 تھی۔
اتھارٹی کے مطابق کنٹینرز کی ہینڈلنگ میں اضافہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی علامت ہے، جس سے سمندری نقل و حمل سے وابستہ صنعتوں کو سہارا ملتا ہے، سیاحت اور بحری خدمات مضبوط ہوتی ہیں اور سپلائی چین کی کارکردگی بہتر بنانے میں معاونت ملتی ہے، جو قومی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس اسٹریٹیجی کے اہداف کے مطابق سعودی عرب کو عالمی لاجسٹک مرکز بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ 2025 کے دوران سعودی بندرگاہوں پر مجموعی طور پر 83 لاکھ 17 ہزار 235 کنٹینرز ہینڈل کیے گئے، جو 2024 کے 75 لاکھ 21 ہزار 306 کے مقابلے میں 10.58 فیصد زیادہ تھے، جبکہ مسافنہ کنٹینرز کی تعداد 11.78 فیصد بڑھ کر 19 لاکھ 27 ہزار 348 تک پہنچ گئی تھی۔