سعودی ریلوے کمپنی ’سار‘ نے حرمین ٹرین کے بیڑے کو مضبوط بنانے کے لیے ہسپانوی کمپنی ’تالگو‘ کے ساتھ 20 نئی ٹرینوں کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ معاہدہ وزیرِ ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس خدمات اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ’سار‘ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر کی سرپرستی میں اور اسپین کے وزیرِ ٹرانسپورٹ اوسکار پوئنٹے کی موجودگی میں طے پایا ہے۔
مزید پڑھیں
اس اقدام کا مقصد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان نقل و حمل کی کارکردگی میں اضافہ اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی بہتری ہے، جو قومی حکمتِ عملی برائے نقل و حمل و لاجسٹکس خدمات کے اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
نئی ٹرینوں کی پہلی کھیپ کی ترسیل 2028 کے اختتام تک ہوگی جبکہ تمام ٹرینوں کی فراہمی 2031 تک مکمل ہوگی۔
نئی ٹرینیں حرمین ریلوے کے مکمل نیٹ ورک پر اس کے پانچوں اسٹیشنوں کے ذریعے خدمات انجام دیں گی، جس کے نتیجے میں مجموعی بیڑے کی تعداد 35 سے بڑھ کر 55 ٹرینیں ہو جائے گی۔
یہ اقدام زائرین کی خدمت کے نظام میں ’سار‘ کے کلیدی کردار کی عکاسی کرتا ہے، جہاں پیشگی منصوبہ بندی اور حرمین ریلوے کے آپریشنل ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے دونوں مقدس شہروں کے درمیان نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنانے اور حجاج، معتمرین اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بلند کرنے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔