سید مسرت خلیل
جدہ
سعودی قومی دن کی مناسبت سے جدہ کرکٹ کلب کے زیرِ اہتمام خصوصی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا۔
پاکستان انویسٹرز فورم سعودی عرب کے چیئرمین چودھری شفقت محمود نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا، جبکہ کمیونٹی کی نمایاں سماجی، کاروباری اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں جدہ کرکٹ کلب کے زیرِ اہتمام سعودی یوم الوطنی کی مناسبت سے خصوصی کرکٹ ٹورنامنٹ کا پروقار افتتاح کیا گیا، جس میں سماجی، کاروباری اور کھیلوں سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں موجود سینئر صحافیوں کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی، معروف سماجی و کاروباری شخصیت، چیئرمین پاکستان انویسٹرز فورم سعودی عرب اور اعزازی چیئرمین جدہ کرکٹ کلب چودھری شفقت محمود نے خود شاٹ کھیل کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔
تقریب میں جدہ کرکٹ کلب کے صدر عبدالماجد خان، انجینئر عبدالمتین قاری، مرزا محمود الحسن اور ماجد سعید خان سمیت دیگر اہم سماجی، کاروباری اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
شرکاء نے سعودی قومی دن کی مناسبت سے کھیلوں کے اس ایونٹ کے انعقاد کو سراہا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر جدہ کرکٹ کلب کے صدر عبدالماجد خان نے بتایا کہ خصوصی ٹورنامنٹ میں کلب کی 3 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور ٹرافی کے حصول کے لیے ان کے درمیان دلچسپ مقابلے ہوں گے۔
ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن وسیم احمد نے بتایا کہ مقابلے سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے، جس کے بعد بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم ٹرافی کی حقدار قرار پائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی چودھری شفقت محمود نے جدہ کرکٹ کلب کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے کھیلوں کے مقابلے تارکینِ وطن کو نہ صرف تفریح اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ کمیونٹی میں اتحاد، بھائی چارے اور باہمی روابط کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔
چودھری شفقت محمود نے کہا کہ سعودی عرب کے قومی دن کی خوشیوں میں کھیل کے میدان کے ذریعے شرکت کرنا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہری دوستی اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی تعلقات کا خوبصورت اظہار ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں، کھلاڑیوں اور شائقین نے سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور ٹورنامنٹ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔