امریکہ میں ملازمتوں کے توقعات سے کمزور اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد سرمایہ کاروں نے فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات کم کر دیے، جس کے نتیجے میں سونا دو ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا، جبکہ چاندی، پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آج پیر کے روز سونے کی قیمتیں گزشتہ دو ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہیں۔ اس کی بنیادی وجہ امریکہ میں ملازمتوں سے متعلق ایسے اعداد و شمار تھے جو توقعات سے کمزور رہے، جس کے بعد مالیاتی منڈیوں میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کی توقعات مزید کم ہو گئیں۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 4204 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ جمعہ کو سونے نے ہفتہ وار بنیاد پر دو فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا تھا، یوں مسلسل 4 ہفتوں کی گراوٹ کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا۔
دوسری جانب اگست ڈیلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچر معاہدوں کی قیمت 1.5 فیصد اضافے کے ساتھ 4,186.80 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
مزید پڑھیں
گزشتہ ہفتے جاری ہونے والے امریکی لیبر مارکیٹ کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوا کہ جون کے دوران ملازمتوں میں اضافے کی رفتار نمایاں طور پر سست رہی، جبکہ گزشتہ دو ماہ کے روزگار کے اعداد و شمار میں بھی نیچے کی جانب نظرثانی کی گئی۔
اس سے یہ تاثر مضبوط ہوا کہ امریکی لیبر مارکیٹ کی رفتار کمزور پڑ رہی ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں نے فیڈرل ریزرو کی جانب
سے آئندہ اجلاس میں شرح سود بڑھانے کی توقعات میں کمی کر دی۔
CME گروپ کے FedWatch ٹول کے مطابق اب ستمبر میں شرح سود میں اضافے کے امکانات تقریباً 55 فیصد رہ گئے ہیں، جو ملازمتوں کی رپورٹ جاری ہونے سے قبل 60 فیصد سے زیادہ تھے۔ عام طور پر شرح سود میں اضافے کی توقعات کم ہونے سے سونے کی مانگ میں اضافہ ہوتا ہے، کیونکہ یہ ایسی سرمایہ کاری ہے جس پر کوئی منافع یا سود حاصل نہیں ہوتا۔
سرمایہ کاروں کی نظریں اب اس ہفتے فیڈرل ریزرو کے 16 اور 17 جون کو ہونے والے اجلاس کے منٹس پر مرکوز ہیں، جو چیئرمین کیون وارش کی سربراہی میں ہونے والا پہلا اجلاس تھا۔
ان دستاویزات سے مستقبل کی مانیٹری پالیسی کے حوالے سے اہم اشارے ملنے کی توقع ہے۔
قیمتی دھاتوں کی دیگر منڈیوں میں چاندی کی قیمت مسلسل پانچویں سیشن میں بھی بڑھتی رہی اور 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 62.47 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
اسی طرح پلاٹینم 0.4 فیصد اضافے کے بعد 1,645.05 ڈالر فی اونس اور پیلیڈیم 0.1 فیصد بڑھ کر 1,275.18 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جبکہ دونوں دھاتیں مسلسل چوتھے روز بھی مثبت رجحان برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں۔