براہ راست نشریات

مصنوعی ذہانت کے دور میں بھی بنیادی ذمہ داری انسان ہی پر کیوں ؟

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
مصنوعی ذہانت اور انسانی ذمہ داری، دفتری ماحول میں اے آئی ٹولز کی نگرانی کرتا ہوا انسانی ملازم اور جواب دہی کا تصور
اے آئی سے جواب طلبی نہیں کی جا سکتی جیسے کسی ملازم سے کی جاتی ہے (فوٹو: اے آئی)

مصنوعی ذہانت نے کام کی دنیا کو غیر معمولی رفتار دے دی ہے، جہاں پروگرامنگ، تحقیق، کانٹینٹ کرئیٹنگ، تجزیے اور دفتری نوعیت کے کئی کام اب ایسے ٹولز انجام دے رہے ہیں جو چند لمحوں میں وہ نتائج دے دیتے ہیں جن پر پہلے گھنٹے یا دن لگتے تھے۔

مزید پڑھیں

اس تبدیلی نے ایک بنیادی سوال کو جنم دیا ہے کہ جب مشینیں زیادہ تیز، زیادہ سستی اور کئی معاملات میں زیادہ مؤثر ہو رہی ہیں تو پھر اداروں میں انسانی ملازم کی اصل ضرورت کیوں رہ جاتی ہے؟ 

اس سوال کا ایک اہم جواب ’ذمہ داری‘ کے تصور میں چھپا ہے، کیونکہ آج بھی غلطی، نقصان، تاخیر اور فیصلے کے نتائج کا بوجھ آخرکار انسان ہی کے کندھوں پر آتا ہے۔

ملازمت میں ’ذمہ داری‘ کی اہمیت

الجزیرہ پر شائع تجزیے میں مصنف نے اپنے ذاتی تجربے سے اس بحث کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت کے دوران ایک روز کمپنی کے ڈائریکٹر نے تمام ملازمین کو جمع کرکے سوال کیا کہ ذمہ داری سے ان کی کیا مراد ہے۔

ہر ملازم نے اپنے اپنے انداز میں جواب دیا۔ کسی نے اسے فرائض کی ادائیگی کہا، کسی نے خاندان، کام اور معاشرے کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے جوڑا۔ 

مصنوعی ذہانت اور انسانی ذمہ داری، دفتری ماحول میں اے آئی ٹولز کی نگرانی کرتا ہوا انسانی ملازم اور جواب دہی کا تصور
آج بھی غلطی، نقصان، تاخیر اور نتائج کا بوجھ انسان ہی کے کندھوں پر آتا ہے (فوٹو: انٹرنیٹ)

تاہم مصنف کے مطابق کمپنی کے ڈائریکٹر کا اصل مقصد یہ نہیں تھا کہ وہ نظریاتی بحث سنیں، بلکہ وہ ایک واضح پیغام دینا چاہتے تھے کہ ملازم کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنا کام درست طریقے سے اور مقررہ وقت پر مکمل کرے، ورنہ کمپنی اس کے بغیر بھی چل سکتی ہے۔

اس واقعے کے پس منظر میں تاخیر سے مکمل ہونے والا ایک منصوبہ تھا اور ڈائریکٹر کی ناراضی بھی نمایاں تھی۔ 

یوں ’ذمہ داری‘ کا ادارہ جاتی مطلب ایک اخلاقی تصور سے زیادہ عملی اور انتظامی شکل اختیار کر لیتا ہے، یعنی ایسا شخص جس سے کام لیا جا سکے، جس سے جواب مانگا جا سکے اور جو نتائج کا جواب دہ ہو۔

ملازم پر کنٹرول: سزا اور انعام

مصنف کے مطابق کاروباری دنیا میں ملازم کی حیثیت صرف ایک کام کرنے والے فرد کی نہیں، بلکہ ایک ایسے فریق کی بھی ہے جس پر نظم و ضبط نافذ کیا جا سکتا ہے۔

اگر وہ کوتاہی کرے تو اس کی سرزنش ہو سکتی ہے، تنخواہ سے کٹوتی کی جا سکتی ہے، چھٹی روکی جا سکتی ہے یا اس کی کارکردگی پر سوال اٹھایا جا سکتا ہے۔ 

دوسری طرف اگر وہ بہتر کام کرے تو اسے بونس، اضافی چھٹی، مراعات یا ترقی کی صورت میں انعام بھی دیا جا سکتا ہے۔ یہی ’سزا و جزا‘ کا نظام دراصل روایتی ملازمت کے ڈھانچے کو چلانے والے ستونوں میں سے ایک ہے۔

ادارے اپنے انسانی وسائل کو صرف صلاحیت کی بنیاد پر نہیں، بلکہ جواب دہی کے قابل ہونے کی بنیاد پر بھی منظم کرتے ہیں۔ 

مصنوعی ذہانت اور انسانی ذمہ داری، دفتری ماحول میں اے آئی ٹولز کی نگرانی کرتا ہوا انسانی ملازم اور جواب دہی کا تصور
آج کے دور میں مصنوعی ذہانت کو سزا نہیں دی جا سکتی (فوٹو: انٹرنیٹ)

ایک ملازم سے یہ توقع رکھی جاتی ہے کہ وہ نتائج دے گا، غلطی کی صورت میں وضاحت دے گا اور بہتری کے لیے خود کو ڈھالے گا۔ 

یہی وہ مقام ہے جہاں انسانی ملازم اور مصنوعی ذہانت کے درمیان ایک بنیادی فرق نمایاں ہو جاتا ہے۔

مصنوعی ذہانت کارآمد مگر جواب دہ نہیں

مصنف کا مرکزی استدلال یہی ہے کہ آج کے دور میں مصنوعی ذہانت کو سزا نہیں دی جا سکتی، نہ ہی اس سے اسی معنوں میں جواب طلبی کی جا سکتی ہے جیسے کسی ملازم سے کی جاتی ہے۔

اگر چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ یا کوئی اور اے آئی ٹول کسی اہم کام میں غلطی کر دے، ڈیٹا خراب کر دے، یا کسی حساس عمل میں نقصان پہنچا دے، تو اس کے سامنے نہ تنخواہ کی کٹوتی کا تصور ہے، نہ ڈانٹ کا اثر، نہ شرمندگی کا دباؤ اور نہ ملازمت کھونے کا خوف۔

اس کی ایک مثال یہ ہے کہ اگر کوئی اے آئی ٹول غلطی سے کمپنی کا ڈیٹا بیس حذف کر دے تو وہ زیادہ سے زیادہ ایک معذرتی پیغام دے سکتا ہے کہ ’مجھے افسوس ہے، مجھ سے سنگین غلطی ہو گئی‘۔

لیکن اس کے بعد کیا؟ کیا کمپنی اس پر غصہ نکال سکتی ہے؟ کیا اسے معطل کر سکتی ہے؟ کیا اسے وارننگ دے سکتی ہے؟ کیا وہ اس معذرت کو محسوس کرتا ہے؟ 

بالکل نہیں!  کیونکہ ملامت اس وقت معنی رکھتی ہے جب سامنے کوئی ایسا فریق ہو جو الزام، پشیمانی، خوف یا نقصان کے احساس کو سمجھتا ہو۔ موجودہ اے آئی نظاموں میں یہ وصف موجود نہیں۔

مصنوعی ذہانت اور انسانی ذمہ داری، دفتری ماحول میں اے آئی ٹولز کی نگرانی کرتا ہوا انسانی ملازم اور جواب دہی کا تصور
اے آئی کو ڈانٹ یا ملازمت کھونے کا خوف نہیں، نہ ہی وہ شرمندہ ہو سکتا ہے (فوٹو: انٹرنیٹ)

اے آئی کے دور میں انسانی ملازم کا نیا کردار

اے آئی کے دور میں پیدا ہونے والے اس خلا نے انسانی ملازم کے کردار کو ختم کرنے کے بجائے تبدیل کر دیا ہے۔

مصنف کے مطابق اب ملازم کی قدر صرف اس بات میں نہیں رہی کہ وہ خود ہر کام اپنے ہاتھ سے انجام دے، بلکہ اس میں ہے کہ وہ اے آئی ٹولز اور ایجنٹس کے ذریعے انجام پانے والے کام کی نگرانی کرے، اس کی درستگی کی ضمانت دے اور اگر کچھ غلط ہو تو اس کی ذمہ داری قبول کرے۔ 

گویا روایتی کام کرنے والا ملازم اب آہستہ آہستہ اے آئی کے کام کا نگراں ملازم بنتا جا رہا ہے۔

یہ تبدیلی بہت اہم ہے۔ پہلے کسی ادارے میں ملازم کی قدر اس کی تکنیکی مہارت، رفتار یا مخصوص روٹین کام انجام دینے کی صلاحیت سے جڑی ہوتی تھی۔ 

اب ان میں سے بہت سے کام اے آئی زیادہ تیزی سے کر سکتی ہے۔ ایسے میں انسانی ملازم کی اصل قدر اس کے فیصلے، نگرانی، احتساب، ترجیحات طے کرنے اور حتمی منظوری دینے کے کردار میں منتقل ہو رہی ہے۔

عملی کام کرنے سے درستگی کی ضمانت دینے تک

مصنف کی ایک اہم بات یہ ہے کہ بازار میں اب سوال یہ نہیں رہا کہ ’کام کون انجام دیتا ہے؟‘ بلکہ یہ ہے کہ ’کام کی صحت اور درستگی کی ضمانت کون دیتا ہے؟‘۔

اس نئے ماحول میں وہ ملازم زیادہ قیمتی بنتا جا رہا ہے جو اے آئی ٹولز کا مؤثر استعمال جانتا ہو، ان کی پیداوار کو پرکھ سکتا ہو، خامیوں کی نشاندہی کر سکتا ہو اور حتمی نتیجے کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار ہو۔

یہ دراصل ملازمت کی دنیا میں قدر کے پیمانے کی تبدیلی ہے۔ جو شخص وہی کام صرف روایتی طریقے سے کرتا ہے، وہ اس شخص کے مقابلے میں کم اہم ہو سکتا ہے جو اے آئی سے تیز تر نتائج حاصل کرکے ان کی جانچ، اصلاح اور نگرانی بھی کر سکتا ہو۔ 

مصنوعی ذہانت اور انسانی ذمہ داری، دفتری ماحول میں اے آئی ٹولز کی نگرانی کرتا ہوا انسانی ملازم اور جواب دہی کا تصور
انسان بمقابلہ اے آئی (فوٹو: انٹرنیٹ)

یونیورسٹی سے باہر کی نئی مہارتیں

مصنف اس تبدیلی کو انسانی ملازم کے لیے ایک نئے تعلیمی اور پیشہ ورانہ چیلنج کے طور پر بھی دیکھتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ اب ملازم پر یہ اضافی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایسی مہارتیں سیکھے جو ممکن ہے اس نے اپنی رسمی تعلیم میں کبھی نہ پڑھی ہوں۔ 

مثال کے طور پر اے آئی ٹولز کے کارآمد پرومپٹ لکھنا، ان کے نتائج کی جانچ، غلطیوں کی شناخت، ڈیٹا کے تحفظ کے تقاضے، آٹومیشن کی نگرانی اور مشین کے فیصلوں پر انسانی نظرثانی۔

اس طرح سے ایک نئی نوعیت کی  مینجمنٹ سامنے آ رہی ہے، جس میں انسان دوسرے انسانوں کے بجائے اے آئی ایجنٹس اور ڈیجیٹل ٹولز کی نگرانی کرتا ہے۔ 

مصنف اسے ایک ایسے ملازم کی تصویر کے طور پر پیش کرتے ہیں جو اپنے  نئے ماتحتوں یعنی اے آئی ٹولز کو استعمال بھی کرتا ہے اور ان کی نگرانی بھی۔ 

اس تناظر میں ملازم کی کامیابی اس پر منحصر ہوتی جا رہی ہے کہ وہ خود کتنی جلدی اس نئے ماحول سے مطابقت پیدا کرتا ہے۔

انسانی برتری

مصنف کا مؤقف یہاں آ کر ایک زیادہ فلسفیانہ سوال کی طرف مڑ جاتا ہے۔ یعنی اگر موجودہ دور میں انسان کی سب سے بڑی مسابقتی برتری ’ذمہ داری اٹھانے کی صلاحیت‘ ہے، تو کیا یہ برتری ہمیشہ قائم رہے گی؟

اور اگر کبھی ایسا اے آئی وجود میں آ جائے جو نہ صرف نتائج دے بلکہ واقعی ذمہ داری کا احساس بھی رکھتا ہو، تو پھر کیا ہوگا؟ 

کیا ذمہ داری محض ایک پروگرام کیا جانے والا رویہ ہے؟ یا یہ شعور، احساس اور اخلاقی ادراک سے جڑی ہوئی انسانی خصوصیت ہے؟

یہ سوال محض تکنیکی نہیں بلکہ قانونی، اخلاقی اور سماجی بھی ہے۔ اگر کسی اے آئی سسٹم کے فیصلے سے مالی نقصان، طبی غلطی، سیکیورٹی خرابی یا عوامی نقصان پیدا ہو تو جواب دہ کون ہوگا؟ کمپنی؟ انجینئر؟ آپریٹر؟ یا خود وہ اے آئی سسٹم؟ 

موجودہ دنیا میں اس سوال کا عملی جواب اب بھی انسان ہی ہے۔ اسی لیے مصنف کے مطابق انسانی ملازم، تمام تکنیکی تبدیلیوں کے باوجود ابھی تک کھیل سے باہر نہیں ہوا۔

human like robot and artificial intelligence 2026 01 06 00 52 42 utc

کام کی دنیا کا بدلتا ہوا توازن

اس مجموعی بحث کا خلاصہ یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت نے انسانی ملازم کو غیر ضروری نہیں بنایا، بلکہ اس کے کردار کی تعریف بدل دی ہے۔

اب انسان کی قدر محض اس کی محنت یا روایتی مہارت میں نہیں، بلکہ اس کی جواب دہی، نگرانی، فیصلہ سازی اور اعتماد کے قابل ہونے میں ہے۔ 

اےآئی ٹولز رفتار، وسعت اور خودکاری فراہم کر سکتے ہیں، مگر اداروں کو اب بھی ایسے انسان درکار ہیں جو ان نتائج کی تصدیق کریں، ان کی ذمہ داری لیں اور غلطی کی صورت میں سامنے آ سکیں۔

اسی لیے مستقبل کی ملازمت شاید اس سوال سے کم وابستہ ہو کہ آپ کیا کر سکتے ہیں؟ بلکہ آپ کس چیز کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار ہیں؟۔

یہی وہ نکتہ ہے جو انسانی ملازم کو فی الحال مشین سے الگ کرتا ہے۔ مصنوعی ذہانت کام کی نوعیت بدل سکتی ہے، اختیارات کی تقسیم بدل سکتی ہے اور بہت سے روایتی کردار محدود کر سکتی ہے، لیکن جب تک جواب دہی، احتساب اور اخلاقی ذمہ داری کا بوجھ کسی جیتی جاگتی انسانی ہستی پر ہی ڈالا جاتا رہے گا، تب تک ملازم کی اہمیت ختم نہیں ہوگی، بلکہ ایک نئے معنی میں برقرار رہے گی۔