ایرانی خبر ایجنسی تسنیم نے باخبر ذریعے کے حوالے سے آج اتوار کو رپورٹ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے مذاکرات کاروں کے درمیان موجودہ جنگ کے خاتمے کے لیے جاری بات چیت میں اب بھی ایک یا دو نکات حل طلب ہیں۔
ایران کے پاسداران انقلاب سے منسلک خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق ان اختلافات کی وجہ امریکا کی جانب سے موجود رکاوٹیں ہیں۔
رپورٹ میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں تاہم کہا گیا کہ تہران اپنے حقوق پر قائم ہے اور اس کا مؤقف ہے کہ جب تک رکاوٹیں دور نہیں کی جاتیں، کسی بھی معاہدے تک پہنچنا ممکن نہیں۔
مزید پڑھیں
تسنیم کی ایک دوسری رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر معاہدہ طے پا گیا تو اس کا مطلب تمام محاذوں پر جاری موجودہ جنگ کا خاتمہ ہوگا اور اس میں خطے سے تمام امریکی افواج کے انخلا کا عزم بھی شامل ہوگا، جس پر تہران زور دے رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ہفتے کو کہا تھا کہ ایران کے ساتھ ایک معاہدہ، جس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا
بھی شامل ہے، بڑی حد تک طے پا چکا ہے۔
یہ بیان انہوں نے اسرائیل اور خطے میں امریکا کے دیگر اتحادیوں سے رابطوں کے بعد دیا۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ معاہدے کے حتمی پہلوؤں اور تفصیلات پر اس وقت بات چیت جاری ہے، اور جلد ان کا اعلان کیا جائے گا۔
تاہم انہوں نے اعلان کے وقت کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں دی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، پاکستان، ترکی، مصر، اردن اور بحرین کے رہنماؤں سے بات چیت ہوئی، جبکہ اسرائیل سے بھی الگ رابطہ کیا گیا۔