میٹا کی ملکیت والے میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے آئی او ایس صارفین کے ایک محدود گروپ کے لیے ’واٹس ایپ پلس‘ کے نام سے پیڈ سبسکرپشن سروس متعارف کروا دی ہے۔
مزید پڑھیں
یہ نیا فیچر صارفین کو بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ کئی خصوصی اور پریمیم خصوصیات فراہم کرے گا۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کے مطابق یہ سبسکرپشن صرف عام واٹس ایپ میسنجر کے لیے ہے اور بزنس ایپ کے لیے دستیاب نہیں ہوگی۔
یہ سروس مکمل طور پر اختیاری ہے اور عام صارفین کی مفت سروس پر
اثر انداز نہیں ہوگی۔ قیمتوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یورپ میں اس کی ماہانہ فیس 2.49 یورو، پاکستان میں 229 روپے اور میکسیکو میں 29 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
یہ قیمتیں فی الحال ابتدائی ہیں اور عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر لانچ سے قبل ان میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔
واٹس ایپ پلس کی رکنیت ہر ماہ خود بخود ری نیو ہو جائے گی، تاہم صارفین اسے کسی بھی وقت ایپ اسٹور سے ختم کر سکتے ہیں۔
تجدید سے بچنے کے لیے 24 گھنٹے پہلے منسوخی لازمی ہے، جبکہ بعض صارفین کو ایک ہفتے یا ماہ کا مفت ٹرائل مل سکتا ہے۔
یہ سروس گزشتہ ماہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے آزمائشی طور پر پیش کی گئی تھی اور اب اسے آئی فون صارفین تک بڑھایا گیا ہے۔
فی الحال اس میں 6 نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں جن کا مقصد ایپ کے استعمال اور اس کی ظاہری شکل کو مزید بہتر بنانا ہے۔
سبسکرائبرز اب ایپ کے روایتی سبز رنگ کو 18 مختلف رنگوں میں بدل سکیں گے، جن میں شاہی بنفشی، گہرا نیلا، چارکول گرے اور اورنج شامل ہیں۔
رنگ منتخب کرنے کے بعد ایپ کا انٹرفیس اسی تھیم کے مطابق تبدیل ہو جائے گا جو دیکھنے میں منفرد لگے گا۔
پریمیم صارفین کو متحرک اثرات والے خصوصی اسٹیکرز اور 14 مختلف اسٹائل کے ایپ آئیکنز تک رسائی ملے گی۔
اگرچہ یہ اسٹیکرز صرف پلس صارفین خرید سکیں گے، لیکن عام صارفین انہیں چیٹ کے دوران موصول ہونے پر دیکھ سکیں گے اور ان سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
اس اپ ڈیٹ کے ذریعے اب 3 کے بجائے 20 اہم چیٹس کو فہرست میں سب سے اوپر پن کیا جا سکے گا۔
اس کے علاوہ 10 نئی جدید رنگ ٹونز بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ واٹس ایپ کالز کو دیگر ایپس سے آنے والی عام کالز سے باآسانی ممتاز کیا جا سکے۔