اہم خبریں
7 May, 2026
--:--:--

تنزانیہ کی سیامی بچیوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن شروع

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
تنزانیہ کی جڑی ہوئی بچیاں
’نینسی اور نائس‘ کی عمر ایک سال اور چھ ماہ ہے (فوٹو: واس)

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، سعودی پروگرام برائے سیامی بچوں کے طبی و جراحی ماہرین نے آج جمعرات کی صبح تنزانیہ سے تعلق رکھنے والے سیامی بچوں ’نینسی اور نائس‘ کی علیحدگی کا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ 

دونوں بچیوں کی عمر ایک سال اور 6 ماہ ہے۔ 

یہ آپریشن ریاض میں وزارت نیشنل گارڈ کے تحت کنگ عبد اللہ اسپشلسٹ اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں

کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کے نگران اعلیٰ اور طبی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ نے بتایا ہے کہ تنزانیہ کی جڑی ہوئی بچیاں 27 جنوری 2026 کو سعودی عرب پہنچی تھیں۔ 

تفصیلی معائنے کے بعد معلوم ہوا کہ دونوں بچیاں سینے کے نچلے حصے، پیٹ اور کولہے سے جڑی ہوئی ہیں جبکہ ان کے لیے صرف ایک نچلا حصہ موجود ہے اور ایک تیسرا غیر مکمل عضو بھی پایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں بچیاں جگر، بڑی آنت، مقعد، پیشاب اور تولیدی نظام میں مشترک ہیں جبکہ مشترکہ بیرونی تولیدی اعضاء میں بھی پیچیدگیاں موجود ہیں۔

4564 1
دونوں بچیاں سینے، پیٹ اور کولہے کے حصے سے جڑی ہوئی ہیں (فوٹو: واس)

ڈاکٹر الربیعہ کے مطابق آپریشن 10 مراحل میں مکمل ہوگا اور تقریباً 16 گھنٹے جاری رہے گا۔ اس میں 35 ماہر ڈاکٹروں، سرجنز، نرسنگ اور تکنیکی عملے پر مشتمل ٹیم حصہ لے رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی پیچیدہ آپریشن ہے تاہم اللہ کے فضل سے کامیابی کی شرح 60 فیصد سے زیادہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ تنزانیہ سے تعلق رکھنے والے سیامی بچوں کا تیسرا آپریشن ہے، جبکہ سعودی پروگرام برائے سیامی بچوں کے تحت یہ مجموعی طور پر 71 واں آپریشن ہے۔

654646 1
طبی عملے کے 35 ماہرین آپریشن میں شریک ہیں (فوٹو: واس)

 1990 میں شروع ہونے والے اس پروگرام کے تحت اب تک 28 ممالک کے 157 جڑے ہوئے بچوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔

آخر میں ڈاکٹر الربیعہ نے خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ آپریشن کامیاب ہو اور دونوں بچیوں کو مکمل صحت عطا ہو۔