سعودی پروگرام برائے سیامی بچوں کے تحت ماہر طبی و جراحی ٹیم نے فلپائنی سیامی بچوں ’کلیا اور مورِس آن‘ کی علیحدگی کے آپریشن کے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں۔
یہ آپریشن دنیا کے پیچیدہ ترین کیسز میں شمار ہوتا ہے، جو 18 گھنٹے 30 منٹ تک جاری رہا اور ریاض میں وزارت نیشنل گارڈ کے تحت کنگ عبد اللہ اسپیشلسٹ اسپتال میں انجام دیا گیا۔
مزید پڑھیں
ایوان شاہی کے مشیر اور کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کے نگرانِ اعلیٰ ڈاکٹر عبد العزیز الربیعہ نے بتایا کہ اللہ کے فضل اور طبی ٹیم کی مشترکہ کاوشوں سے آپریشن کے چوتھے اور پانچویں مراحل مکمل کیے گئے، جن میں کھوپڑی کی بندش، مرمت اور پلاسٹک سرجری شامل تھی۔
اس سے قبل آپریشن کے ابتدائی 3 مراحل بھی کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکے تھے۔
ڈاکٹر الربيعہ نے اپنی جانب سے اور پوری طبی ٹیم کی طرف سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کا شکریہ ادا کیا، جن کی سرپرستی اور خصوصی توجہ کے باعث یہ پروگرام اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے قابل ہوا۔
انہوں نے طبی ٹیم کے اراکین کی پیشہ ورانہ اور انسانی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کوششیں مملکت اور اس کے عوام کی اعلیٰ انسانی اقدار کی عکاسی کرتی ہیں، جو دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کے لیے وقف ہیں۔