اہم خبریں
17 April, 2026
--:--:--

حج قوانین کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہوگا

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
100% LikesVS
0% Dislikes
وزٹ ویزا رکھنے والے افراد مکہ داخل ہونے کوشش کریں گے انہیں بھی جرمانہ ہوگا (فوٹو: ایکس)

سعودی وزارت داخلہ نے حج سیزن کی تیاری کے سلسلے میں ان افراد کے لیے سزاؤں کا اعلان کیا ہے جو حج سے متعلق اجازت نامے ’پرمٹ‘ کے بغیر حج ادا کرنے کی کوشش کریں گے یا دوسروں کو اس خلاف ورزی میں مدد فراہم کریں گے۔ 

اس اقدام کا مقصد حجاجِ بیت اللہ کی سلامتی کو یقینی بنانا اور انہیں امن، سہولت اور سکون کے ساتھ عبادت کی ادائیگی کا موقع فراہم کرنا ہے۔

مزید پڑھیں

وزارت نے واضح کیا ہے کہ درج ذیل افراد پر 20,000 ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا:

1- وہ شخص جو بغیر اجازت حج ادا کرتے ہوئے یا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا جائے۔

2- وہ افراد جو وزٹ ویزا رکھنے والے ہوں اور یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخل ہونے یا وہاں قیام کی کوشش کریں۔ 

وزارت کے مطابق ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ان افراد پر عائد ہوگا جو:

1- ایسے شخص کے لیے وزٹ ویزا جاری کروائیں یا اس میں مدد کریں جو بغیر اجازت حج کرنے یا مکہ و مشاعر میں داخل ہونے کی کوشش کرے۔ ہر خلاف ورزی پر الگ جرمانہ ہوگا۔

2- ایسے افراد کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ منتقل کریں یا منتقل کرنے کی کوشش کریں جن کے پاس وزٹ ویزا ہو۔

3- ایسے افراد کو رہائش فراہم کریں، پناہ دیں یا چھپائیں جو مذکورہ مدت میں غیر قانونی طور پر مکہ یا مشاعر میں موجود ہوں، یا ان کی کسی بھی قسم کی مدد کریں۔ ہر فرد کے حساب سے الگ جرمانہ ہوگا۔

وزارت نے کہا ہے کہ حج قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے داخل ہونے والے مقیم افراد اور غیر قانونی رہائش پذیر افراد کو ملک بدر کیا جائے گا اور ان پر 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ 

وزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ عدالت سے درخواست کرے گی کہ ان گاڑیوں کو ضبط کیا جائے جو وزٹ ویزا رکھنے والوں کو مکہ یا مشاعر مقدسہ منتقل کرنے کے لیے استعمال ہوں، بشرطیکہ گاڑی مالک، معاون یا شریکِ جرم کی ملکیت ہو۔

وزارت نے کہا ہے کہ جرمانے کے خلاف 30 دن کے اندر متعلقہ کمیٹی میں اپیل کی جا سکتی ہے، اور کمیٹی کے فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر انتظامی عدالت میں اپیل کا حق حاصل ہوگا۔

آخر میں وزارت نے تمام شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے قوانین کی پابندی کریں اور خلاف ورزی سے گریز کریں، اور خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع مکہ ریجن میں 911 نمبر پر دیں۔