بٹ کوائن کی قیمت تین ہفتوں سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، جب کہ بڑے پیمانے پر آپشنز کی میعاد ختم ہونے کے بعد ٹریڈرز نے محتاط رویہ اختیار کر لیا ہے۔
کرپٹو مارکیٹ کی سب سے بڑی کرنسی بٹ کوائن میں 5 فیصد تک کمی دیکھی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 65,547 ڈالر تک گر گئی، جو 2 مارچ کے بعد کی کم ترین سطح ہے۔
مزید پڑھیں
الشرق بلومبرگ کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے بٹ کوائن 60 ہزار سے 75 ہزار ڈالر کے درمیان محدود دائرے میں حرکت کر رہا ہے، جبکہ اکتوبر 2025 میں یہ اپنی بلند ترین سطح تقریباً 126 ہزار ڈالر تک پہنچ چکا تھا، جس کے بعد مارکیٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
جمعہ کے روز تقریباً 14 ارب ڈالر مالیت کے بٹ کوائن آپشنز کی میعاد ختم ہوئی، جس نے مارکیٹ میں اضافی دباؤ پیدا کیا۔
ٹریڈرز کا محتاط رویہ
مارکیٹ میں موجود سرمایہ کاروں کے مطابق جنگ کے طویل ہونے اور معاشی سست روی کے خدشات نے منفی رجحان کو بڑھا دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار اب زیادہ تر ہیجنگ یعنی نقصان سے بچاؤ کی حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 60 ہزار ڈالر کی سطح پر ’پُٹ آپشنز‘ کی بڑی مقدار موجود ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ سرمایہ کار قیمتوں میں مزید کمی سے بچاؤ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ’پُٹ ٹو کال ریشو‘ 1.3 تک پہنچ گیا ہے، جو مارکیٹ میں مندی کے رجحان میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق آپشنز کی میعاد ختم ہونے کے بعد بھی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ اب اپنی اصل سمت میں جا رہی ہے۔