سعودی اسٹاک مارکیٹ کا مرکزی انڈیکس ’تاسی‘ آج اتوار کو 28.53 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 11314.64 کی سطح پر بند ہوا جبکہ مجموعی ٹریڈنگ ویلیو 3.4 ارب ریال رہی۔
مارکیٹ میں 224 ملین شیئرز کا لین دین ہوا، جس میں 100 کمپنیوں کے شیئرز میں اضافہ جبکہ 159 کمپنیوں کے شیئرز میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سب سے زیادہ بڑھنے والے اسٹاکس میں کیمانول، سعودی گروپ، اللجین، صادرات اور عربین ڈرلنگ شامل رہے، جبکہ سب سے زیادہ کمی المطاحن الرابعة، صالح الراشد، اسپورٹس کلبز، الاصيل اور الماجد للعود کے شیئرز میں دیکھی گئی۔
حجم کے اعتبار سے سب سے زیادہ فعال اسٹاکس میں صادرات، باتک، امریکانا، کیان سعودی عرب اور کیمیکل کمپنیز شامل رہیں جبکہ ویلیو
کے لحاظ سے الراجحی، آرامکو سعودی عرب، لوبریف، علم اور ایس ٹی سی نمایاں رہیں۔
دوسری طرف اسٹاک مارکیٹ کے ماہر محمد المیمونی نے کہا ہے کہ تاسی انڈیکس کا مجموعی رجحان اب بھی مثبت ہے، حالیہ اتار چڑھاؤ کے باوجود مارکیٹ مضبوطی دکھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے متعلق بحران کے آغاز کے بعد سے سعودی مارکیٹ میں مجموعی رجحان اوپر کی جانب رہا ہے اور حالیہ امریکی و ایرانی مذاکرات کی ناکامی کے باوجود یہ رجحان برقرار ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مارکیٹ اب جیوپولیٹیکل صورتحال کے ساتھ ہم آہنگ ہو رہی ہے اور اگر کشیدگی طویل ہوئی تو تیل کی قیمتیں ایک سو ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر جا سکتی ہیں، جس سے توانائی سیکٹر کو فائدہ پہنچے گا۔
ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں مارکیٹ وقتی دباؤ کے باوجود بنیادی طور پر مضبوط رجحان برقرار رکھے ہوئے ہے۔