سعودی عرب کی قومی خلائی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ’نیو اسپیس گروپ‘ نے سعودی ایئرلائنز ’السعودیہ‘ کے تعاون سے طیاروں میں انٹرنیٹ سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
منصوبے کے تحت السعودیہ کے طیاروں کو جدید ترین فلائٹ انٹرنیٹ ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
اس شراکت داری کے تحت سعودی عربین ایئرلائنز اپنے تمام مسافروں کو دورانِ پرواز مفت اور ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ فراہم کرے گی، جس سے یہ مشرقِ وسطیٰ کی پہلی ایئرلائنز میں شامل ہو جائے گی جو مکمل فری براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی پیش کر رہی ہے۔
یہ سروس “NSG Skywaves” سسٹم اور “SES Open Orbits” کے ملٹی-آربٹ نیٹ ورک پر مبنی ہوگی، جو دنیا بھر میں سعودی پروازوں کے دوران تیز اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا۔
یہ اقدام سعودی عربین ایئرلائنز کے اسٹریٹجک وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد مہمان نوازی، جدت اور بہترین سروس کو فروغ دینا ہے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کے وژن 2030 کے مطابق ڈیجیٹل سفر کے تجربے کو نئی شکل دینے کی کوشش ہے، جس میں جدید ٹیکنالوجی اور روایتی سعودی اقدار کو یکجا کیا گیا ہے۔
یہ تعاون سعودی ایئرلائنز کی بڑی تبدیلی کے مرحلے کے ساتھ سامنے آیا ہے، جس میں کمپنی اپنی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہے، جس کے تحت جہازوں کے اندرونی نظام کی جدید کاری اور نئی ڈیجیٹل سروسز شامل ہیں، تاکہ مسافروں کو زیادہ آرام دہ اور جدید سفر فراہم کیا جا سکے۔
نیو اسپیس گروپ اور سعودی ایئرلائنز کی یہ شراکت داری سعودی عرب کو فضائی انٹرنیٹ اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی رہنما بنانے کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ اس سے مملکت کی خلائی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔
سعودی ایئرلائنز کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر ابراہیم العمر نے کہا کہ کمپنی کے بیڑے کی توسیع اور جدید کاری کے ساتھ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا ایک اسٹریٹجک ترجیح ہے۔
ان کے مطابق آج کے دور میں کنیکٹیویٹی مسافروں کے تجربے کا لازمی حصہ بن چکی ہے اور یہی چیز ایئرلائنز کو عالمی سطح پر مسابقتی بناتی ہے۔