خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے سلطنتِ عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق کو سمندری طوفان کے باعث ہونے والے جانی نقصانات پر تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی قیادت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں سلطنتِ عمان میں موسمی صورتحال کے باعث ہونے والی اموات، زخمیوں اور لاپتہ افراد کی خبر ملی ہے۔
ہم آپ کو، مرحومین کے اہلِ خانہ کو اور برادر عمانی عوام کو دلی تعزیت اور گہری ہمدردی پیش کرتے ہیں۔
ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ مرحومین کو اپنی وسیع رحمت اور مغفرت میں جگہ دے، ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے، لاپتہ افراد کو بحفاظت ان کے اہلِ خانہ تک پہنچائے اور آپ کو اور سلطنتِ عمان کے عوام کو ہر قسم کی آفت سے محفوظ رکھے۔