سعودی وزارتِ داخلہ نے ایک ہفتے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں اقامہ، محنت اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے چلائی جانے والی مشترکہ مہم کے دوران 19ہزار 101 افراد گرفتار کئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ گرفتاریاں 12فروری سے 18فروری 2026 کے درمیان ہوئی ہیں۔
غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کل گرفتار شدگان میں سے 12153اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔
4103 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔
جبکہ 2845 تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔
مذکورہ عرصے کے دوران 1663 افراد گرفتار ہوئے ہیں جو سرحد عبور کرکے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
ان میں سے 45 فیصد یمنی، 54 فیصد ایتھوپی جبکہ ایک فیصد دیگر ممالک کے تارکین تھے۔
اسی طرح سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے 31 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرنے پر 28 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ غیر قانونی تارکین کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا سنگین جرم ہے جس پر 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔