سوشل میڈیا کے تیز رفتار دور میں جان پہچان کے حلقے وسیع تر ہوتے جا رہے ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اب مخلص اور سچے دوست ڈھونڈنا پہلے سے زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔
ویب سائٹ Your Tango پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق اصل چیلنج لوگوں کی تعداد نہیں بلکہ ایسے مخلص ساتھی کی تلاش ہوتی ہے جو مشکل اور آسان دونوں وقتوں میں ساتھ دے۔
مزید پڑھیں
اس سلسلے میں تحقیقات ظاہر کرتی ہیں کہ مضبوط اور معاون دوستی ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ ڈپریشن، بے چینی اور تنہائی کا احساس کم کرتی ہے اور طویل مدتی نفسیاتی اطمینان فراہم کرتی ہے۔
اسی تناظر میں انسانی ترقی کی کوچ لیزا بیتسینیس نے حقیقی دوست کی 7 بنیادی خصوصیات بیان کی ہیں، جنہیں پہچان لینا زندگی کے اہم رشتوں کو محفوظ رکھنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔
1: دوست جو واقعی آپ کو سمجھے
حقیقی دوست آپ کی شخصیت، مزاج اور ضروریات کو گہرائی تک جانتا ہے۔ وہ مشکل وقت میں یہ سمجھ لیتا ہے کہ آپ کو تسلی چاہیے، مشورہ چاہیے یا صرف خاموش ساتھ۔
وہ آپ کو ایسی بات بتاتا ہے جو سننا ضروری ہو، نہ کہ صرف وہ جو آپ سننا چاہتے ہوں۔
2: ہرحال میں موجود
وقت اور فاصلے سے جو رشتہ کمزور نہ ہو، وہی اصل دوستی ہے۔ ایسا دوست ہمیشہ دستیاب ہوتا ہے، چاہے ایک فون کال کی دوری پر ہی کیوں نہ ہو۔
کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر وہ آپ کو کبھی مایوس نہیں کرے گا۔
3: مشکل لمحے میں ساتھ نہ چھوڑے
زندگی کے الجھے ہوئے مراحل اور وقت میں جب اکثر لوگ دُور ہو جاتے ہیں، حقیقی دوست قریب آ جاتا ہے۔ وہ غم، ناکامی یا شرمندگی کے لمحوں میں بھی آپ کے ساتھ کھڑا رہتا ہے، بغیر کسی شرط کے۔
4: جسے بدلے کی توقع نہ ہو
صحت مند دوستی حساب کتاب پر قائم نہیں ہوتی۔ انسانی ترقی و نفسیات کی ماہر لیزا بیتسینیس کے مطابق سچا دوست آپ سے کسی مادی فائدے یا احسان کی توقع نہیں رکھتا۔
وہ خلوص سے ساتھ دیتا ہے، نہ کہ کسی مفاد کے تحت۔
5: کامیابی پر دِل سے خوش ہو
حسد دوستی کو کمزور کرتا ہے، مگر سچا دوست آپ کی کامیابی کو اپنی خوشی سمجھتا ہے۔ وہ آپ کی کامیابی کا جشن اسی جوش سے مناتا ہے جیسے اپنی کامیابی کا۔
ایسا رویہ تعلق کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
6: ساتھ ہنسنا، خوش رہنا
تحقیقی مطالعات کے مطابق مشترکہ ہنسی تعلقات میں قربت اور اطمینان بڑھاتی ہے۔
وہ دوست جس کے ساتھ آپ بے ساختہ ہنس سکیں، نجی مزاح شیئر کر سکیں اور ہلکے پھلکے لمحات گزار سکیں، وہ تعلق کی گہرائی کی علامت ہے۔
7: فیصلہ کرنے کے بجائے آپ کو سمجھے
حقیقی دوست آپ کو محفوظ فضا فراہم کرتا ہے جہاں آپ بغیر خوف کے اپنے جذبات بیان کر سکیں۔
وہ آپ کے راز محفوظ رکھتا ہے، آپ کو جج نہیں کرتا اور سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہی اعتماد دوستی کو پائیدار بناتا ہے۔
ذہنی صحت اور سچی دوستی
رپورٹ کے مطابق معاون دوستی انسان کو طویل مدتی ذہنی استحکام فراہم کرتی ہے۔ ایسے تعلقات نہ صرف تنہائی کے احساس کو کم کرتے ہیں بلکہ زندگی کے دباؤ سے نمٹنے کی صلاحیت بھی بڑھاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سچے دوست کو پہچاننا اور اسے کھونے سے بچانا زندگی کی اہم ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔
سچی دوستی، ایک نعمت
اگر آپ کی زندگی میں کوئی ایسا شخص موجود ہے جس میں یہ 7 خصوصیات پائی جاتی ہیں، تو ممکن ہے وہ حقیقی دوست ہو۔ ایسے تعلقات نایاب ہوتے ہیں، مگر جب مل جائیں تو ان کی قدر کرنا ضروری ہے۔
کیونکہ شور، مصروفیت اور وقتی روابط کے اس دور میں سچی دوستی نہ صرف جذباتی سہارا ہے بلکہ ذہنی سکون کی بنیاد بھی۔