مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقا میں وینچر کیپٹل سرمایہ کاری کے نئے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب نے 2025ء کے دوران خطے کی مجموعی سرمایہ کاری کا 27 فیصد حصہ حاصل کیا ہے۔
یہ اعداد و شمار اسٹارٹ اپ سرمایہ کاری پلیٹ فارم MAGNITT کی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2025ء میں خطے میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں وینچر کیپٹل سرمایہ کاری 858 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جو 2024ء کے مقابلے میں 211 فیصد زیادہ ہے۔
اسی عرصے میں مجموعی طور پر 194 سرمایہ کاری معاہدے طے پائے ہیں، جو سالانہ بنیاد پر 28 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب نے 235 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی، جو خطے میں مصنوعی ذہانت سے متعلق مجموعی سرمایہ کاری کا تقریباً 27 فیصد بنتی ہے۔ اس طرح مملکت خطے کے نمایاں سرمایہ کاری مراکز میں شامل ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت اب مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقا میں وینچر کیپٹل کا اہم ستون بن چکی ہے۔ 2025ء میں اس شعبے میں سرمایہ کاری 858 ملین ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچی، جو خطے کی مجموعی وینچر کیپٹل سرمایہ کاری کا 22 فیصد ہے اور یہ تناسب 2024ء کے مقابلے میں دوگنا ہے۔
ایسے اسٹارٹ اپس جو بنیادی طور پر مصنوعی ذہانت پر کام کر رہے ہیں، انہوں نے 589 ملین ڈالر حاصل کیے، جو اے آئی سے متعلق کل سرمایہ کاری کا 69 فیصد ہے، جبکہ وہ کمپنیاں جو اپنی خدمات میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کر رہی ہیں، انہیں 269 ملین ڈالر کی فنڈنگ ملی۔
رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں اے آئی ٹیکنالوجی تیزی سے سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر رہی ہے اور سعودی عرب اس رجحان میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔