ضرورت سے زیادہ سوچ (Overthinking) بظاہر خاموش لگتی ہے، مگر یہ اندر ہی اندر ایک تیز آندھی کی طرح ذہن کو تھکا دیتی ہے اور یہ آندھی عموماً ’اگر ایسا ہو گیا تو؟‘ اور ’شاید یوں ہو جائے‘ جیسے سوالوں سے جنم لیتی ہے، جو انسان کو الجھن، بے چینی اور ذہنی تھکن میں مبتلا کر دیتے ہیں۔
Global English Editing کی ایک رپورٹ کے مطابق کچھ نفسیاتی طریقے ایسے ہیں جو نہ صرف ذہن کو فوری سکون دیتے ہیں بلکہ سوچ کے اس بے قابو بہاؤ کو بھی آہستہ آہستہ منظم کر دیتے ہیں۔
1: سانس کس طرح لیں؟
روزمرہ زندگی میں سانس لینا ایک خودکار عمل ہے، مگر اس کا درست استعمال ذہنی کیفیت پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔
ماہرین کے مطابق 4 سیکنڈ تک گہرا سانس لینا، 4 سیکنڈ روکنا اور پھر 4 سیکنڈ میں سانس چھوڑنا ذہن کو (ماضی اور مستقبل سے نکال کر) موجودہ لمحے سے جوڑ دیتا ہے۔ یہ سادہ سی مشق سوچ کی رفتار کم کر کے توجہ کو منتشر خیالات سے ہٹا دیتی ہے۔
2: خیالات کو کاغذ پر اتاریں
اکثر لوگ خیالات، ذمہ داریوں اور جذبات کو دل ہی دل میں جمع کرتے رہتے ہیں، جو وقت کے ساتھ ذہن پر بوجھ بن جاتے ہیں۔
نفسیاتی معالجین کا کہنا ہے کہ اہم کاموں، پریشان کن خیالات اور زیرِ التوا معاملات کو کاغذ پر لکھ دینا ذہنی دباؤ کم کرنے کے ساتھ ساتھ سوچ کو ترتیب دینے میں مدد دیتا ہے۔ یہ عمل ذہن کو یہ احساس دلاتا ہے کہ سب کچھ ایک ساتھ سنبھالنا ضروری نہیں۔
3: آزمودہ عملی تکنیک
ذہن عموماً ماضی کے پچھتاووں یا مستقبل کی فکروں میں بھٹکتا رہتا ہے۔ اس رجحان کو روکنے کے لیے مائنڈفل نیس پر مبنی ایک عملی تکنیک مددگار ثابت ہوتی ہے۔
اس میں 5 حواس کو بیک وقت استعمال کیا جاتا ہے:
• پانچ چیزیں دیکھیں
• چار آوازیں سنیں
• تین چیزیں چھوئیں
• دو خوشبوئیں محسوس کریں
• ایک ذائقہ چکھیں
احساسات کی یہ مشق ذہن کو موجودہ لمحے سے جوڑ کر غیر ضروری سوچ کو کمزور کر دیتی ہے۔
4: ڈیجیٹل شور سے وقفہ
مسلسل نوٹیفکیشنز، پیغامات اور سوشل میڈیا کا بہاؤ ذہن کو ایسے تھکا دیتا ہے جیسے رش کے وقت ٹریفک کے درمیان پھنسے رہنا۔
چند گھنٹوں یا دنوں کے لیے اس ڈیجیٹل شور سے دُوری (جسے ڈیجیٹل ڈی ٹاکس کہا جاتا ہے) ذہن کو وہ سکون دیتی ہے جس کی اسے اشد ضرورت ہوتی ہے۔
5: خود سے ہمدردی
زیادہ سوچ عموماً اندرونی تنقیدی آواز کو طاقت دیتی ہے، جو خوف اور عدمِ تحفظ کو بڑھا دیتی ہے۔
اس آواز کو نرم اور ہمدرد بنانا ایک مؤثر نفسیاتی حکمتِ عملی ہے۔ خود سے کہنا کہ ’غلطی ہو جانا انسانی بات ہے، میں سیکھ رہا ہوں‘ ذہن کے لیے تسلی بخش پیغام بن جاتا ہے اور بے چینی کم ہونے لگتی ہے۔
6: جسمانی سرگرمی
جب خیالات بے قابو ہوں تو جسم کو حرکت دینا ذہن کو بھی نظم میں لانے کی کوشش کرتا ہے۔ تیز چہل قدمی، دوڑ یا کوئی بھی جسمانی مشقت خیالات کو قدموں کی تال سے ہم آہنگ کر دیتی ہے۔
جسمانی محنت ذہنی بوجھ کو خارج کرنے کا ایک قدرتی راستہ فراہم کرتی ہے۔
7: شکرگزاری، منفی سوچ کا توڑ
اوور تھنکنگ کے دوران ذہن عموماً منفی پہلوؤں پر اٹک جاتا ہے۔ اس بہاؤ کو موڑنے کے لیے شکرگزاری ایک طاقتور ذریعہ ہے۔
روزانہ چند ایسی چیزیں لکھنا جن پر آپ شکر گزار ہیں، نہ صرف منفی خیالات کے تسلسل کو توڑتا ہے بلکہ اطمینان اور خوشی کے جذبات کو بھی مضبوط کرتا ہے۔
8: نامکمل پن قبول کریں
زندگی فطری طور پر غیر مکمل ہے۔ ہر بات کا جواب ہونا ضروری نہیں اور اسی طرح ہر کام کا کامل ہونا ممکن نہیں۔
انسان کی تکمیل پسندی غیر حقیقی توقعات پیدا کر کے ذہن کو مسلسل دباؤ میں رکھتی ہے، تاہم جب انسان نامکمل پن کو قبول کر لیتا ہے تو ذہن کو یہ پیغام ملتا ہے کہ سب کچھ کنٹرول میں ہونا لازم نہیں اور یہی احساس سوچ کے بوجھ کو ہلکا کر دیتا ہے۔
سکون کوئی جادو نہیں، صرف ایک عادت ہے
یاد رکھیں کہ ضرورت سے زیادہ سوچ ذہن کو تھکا دیتی ہے، مگر اسے قابو میں لانا ناممکن نہیں ہے۔ سانس کی ہم آہنگی، جسمانی سرگرمی، شکرگزاری اور خود سے ہمدردی جیسے سادہ مگر مؤثر اصول ذہن کو آہستہ آہستہ سکون کی طرف لے آتے ہیں۔