مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں جمعہ کا خطبہ اور نماز ادا کی گئی جس میں لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی ہے۔
مسجد الحرام میں شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید اور مسجد نبوی میں شیخ ڈاکٹر خالد المہنا نے خطبہ دیا اور نماز کی امامت کرائی ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق مسجدِ حرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید نے مسلمانوں کو تقویٰ الٰہی اختیار کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ بھلائی تین چیزوں میں ہے: دین کی سمجھ بوجھ، دنیا سے بے رغبتی اور اپنی کوتاہیوں پر نظر جبکہ کمال چار اوصاف میں ہے: دیانت داری، امانت، پاکیزگی اور وقار۔
جب تم کوئی نیک عمل کرو تو اسے معمولی نہ سمجھو، کیونکہ تم نہیں
جانتے کہ کون سا عمل تمہیں جنت میں داخل کر دے۔
انہوں نے خطبۂ جمعہ میں کہا کہ انسانی اصلاح نفس کے اندر سے جنم لیتی ہے، سینوں میں موجود دلوں سے، ایمان اور قرآن کے انوار سے دل پاکیزہ ہوتے ہیں اور نفوس اچھے قول، صالح عمل اور حسنِ اخلاق سے صاف ہوتے ہیں۔
دوسری طرف مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر خالد المہنا نے جمعہ کی خطبہ میں مسلمانوں کو اللہ کا تقویٰ اختیار کرنے اور اس کی نگرانی ہر حال میں کرنے کی نصیحت کی۔
انہوں نے اپنے خطبے میں کہا کہ دعا عبادت کا جوہر اور اس کا لب لباب ہے، سب سے بلند اور واضح مظہر ہے بلکہ خود عبادت ہی ہے۔
دعا کی اصل حقیقت اللہ کے سامنے اپنی محتاجی کا اظہار اور بغیر اللہ کے کوئی حول و قُوّت نہ ہونے کا اعتراف ہے، جو بندگی کی پہچان ہے۔
دعا میں اللہ کی حمد و ثنا اور اس کے جود و کرم کا اقرار بھی شامل ہے۔
شیخ خالد المہنا نے مزید کہا کہ بندے کی طرف سے اپنے رب سے دعا اس کے توحید کی صحیح دلیل ہے، اس کے رب سے محبت اور خالق سے تعلق کا عکاس ہے۔
جتنا زیادہ بندے کا توحید مضبوط ہوگا، اتنی ہی اس کی دعا وسیع اور کثیر ہوگی اور اس کے لیے رب سے سوال کرنا خوشگوار اور دُعا کرنے کا معمول بن جائے گا۔