سعودی اتھارٹی برائے آڈیٹرز و اکاؤنٹنٹس نے سکیورٹی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت ایک لائسنس یافتہ مالیاتی مشاورتی دفتر اور ایک تجارتی ادارے کو ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا ہے۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ تفتیش سے ثابت ہوا کہ انہوں نے اکاؤنٹنگ اور آڈٹ کے حوالے متعلقہ ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے جس میں باقاعدہ قانونی لائسنس حاصل کیے بغیر خدمات کی تشہیر شامل ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی نے وضاحت کی کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مالیاتی مشاورت ’غیر سیکیورٹیز‘ کے شعبے میں لائسنس یافتہ ایک مشاورتی دفتر نے اپنی ویب سائٹ اور ایکس کے ذریعے اشتہارات شائع کیے جن میں ’آڈٹنگ کی توثیق‘ کی خدمت کو فروغ دیا گیا، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ ایسے امور سرانجام دے رہا ہے جو اکاؤنٹنگ اور آڈٹ کے پیشے کے دائرۂ اختیار میں آتے ہیں۔
اسی طرح ایک اور تجارتی ادارے کی نشاندہی بھی کی گئی، جو اپنی ویب سائٹ پر ’آڈٹ‘ کی خدمت پیش کر رہا تھا، اس کے علاوہ اپنے دفتر کے باہر ایک تعارفی بورڈ بھی آویزاں کر رکھا تھا جس میں ایسے الفاظ درج تھے جو پیشے کی مشق کی طرف اشارہ کرتے ہیں حالانکہ اس کے پاس اس ضمن میں کوئی لائسنس موجود نہیں تھا۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام اقدامات اکاؤنٹنگ اور آڈٹ کے پیشے سے متعلق نظام کے تحت قابلِ سزا جرائم میں شمار ہوتے ہیں، جس میں بغیر لائسنس پیشے کی مشق کے حق سے متعلق عوام کو گمراہ کرنا، یا لائسنس کی معطلی یا منسوخی کے باوجود اس حوالے سے دعویٰ کرنا جرم قرار دیا گیا ہے۔