اہم خبریں
16 March, 2026
--:--:--

تاریخی جدہ، ماضی و حال کے یادگار لمحات دیکھنے کے لیے کھلا میوزیم

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
100% LikesVS
0% Dislikes
(فوٹو: انٹرنیٹ)

جدید طرزِ زندگی کے حامل شہر جدہ کا قدیم علاقہ ماضی سے لے کر حال تک کے یادگار لمحات دیکھنے کے لیے آسمان تلے ایک کھلے میوزیم کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں

تاریخی شہر کا یہ قدیم علاقہ اپنے منفرد ثقافتی و بصری حسن کے باعث پورا سال ، خاص طور پر اِن دنوں زائرین اور فوٹوگرافی کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے، جہاں ماضی کی جھلک اور حال کی رونق ایک ساتھ نظر آتی ہے۔

یہ دلچسپ اور دلکش تجربہ سعودی ٹورازم اتھارٹی کے تحت جاری پروگرام ’سعودی ونٹر‘ کے سلسلے میں پیش کیا جا رہا ہے، جو ’حیّ 

الشتاء‘کے عنوان سے مختلف سیاحتی مقامات کو زندگی کے حسین رنگوں سے بھر دیتا ہے۔

اس پروگرام کے دوران جدہ کا یہ تاریخی علاقہ اپنی قدیم گلیوں، گھروں اور بازاروں کے ساتھ ایک کھلے اسٹیج یا میوزیم میں ڈھل جاتا ہے جہاں فوٹوگرافی اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے لیے منفرد مناظر کا خزانہ بکھرا پڑا ہے۔

historic jeddah 2
(فوٹو: فائل)

تاریخی جدہ کے اس علاقے میں داخل ہوں تو وقت گویا ٹھہر سا جاتا ہے، جہاں ہر منظر اپنے اندر ایک مکمل کہانی سموئے ہوئے دکھائی دیتا ہے۔ یہاں آنے والے افراد کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اس علاقے کی عمارتوں، گلیوں اور روزمرہ زندگی کے ان مناظر کو غور سے دیکھیں جو اپنی نوعیت میں منفرد اور یادگار ہیں۔

یہ علاقہ دراصل فنون لطیفہ اور روایتی طرزِ تعمیر سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک کھلے میوزیم کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں ’بیت نصیف‘، ’بیت باعشن‘ اور ’بیت شربتلی‘ جیسے تاریخی مکانات اپنی لکڑی کے نقش و نگار سے مزین کھڑکیوں اور دیدہ زیب دروازوں کے ساتھ صدیوں پر محیط فن تعمیر کی داستان سناتے ہیں۔

قدیم طرزِ تعمیر کے عناصرخصوصاً ’رواشین‘ اور ’مشربیات‘ فوٹوگرافروں کو ایسے دلکش منظر فراہم کرتے ہیں جو کیمرے کی آنکھ سے فن پاروں میں ڈھل جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ علاقہ پیشہ ور فوٹوگرافروں اور کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے خزانے کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں ہر زاویہ اور ہر منظر تخلیقی اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے۔

historic jeddah 3
(فوٹو: فائل)

تاریخی جدہ میں بہت سے فوٹوگرافر روشنی کے بدلتے انداز اور دن کے مختلف اوقات کا خاص طور پر مشاہدہ کرتے ہیں۔

صبح کے وقت یہاں سورج کی کرنیں تنگ گلیوں سے گزرتی ہوئی دلکش سائے تخلیق کرتی ہیں، جبکہ شام کے وقت ’برحہ نصیف‘ اور ’برحہ ذاکر‘ جیسے مقامات کی نرم اور گرم روشنی ایک منفرد فوٹوگرافک ماحول پیدا کرتی ہے، جو یادگار تصاویر کے لیے مثالی سمجھا جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں فوٹوگرافی کے مواقع صرف عمارتوں اور تاریخی ڈھانچوں ہی تک محدود نہیں بلکہ روایتی بازاروں کی زندگی بھی اس کا اہم حصہ ہے۔

historic jeddah 4
(فوٹو: فائل)

’سوق العلوی‘، ’سوق ندیٰ‘اور ’شارع قابل‘ کی گلیاں آج بھی قدیم تجارت کی کہانیاں سناتی ہیں، جہاں دکانداروں کی آوازیں اور روایتی ماحول زائرین کو ماضی کی دنیا میں لے جاتا ہے۔

اسی طرح ’رواق الحرفیین‘ اور ’زاویہ 97‘ میں کام کرنے والے ہنرمند اپنی دستکاری کے ذریعے اس علاقے کو انسانی اور ثقافتی پہچان دیتے ہیں، جو تصاویر اور ویڈیوز میں ایک فطری اور دلکش پہلو شامل کرتے ہیں۔

تاریخی جدہ اپنی قدیم مذہبی اور تاریخی علامات کے ساتھ بھی نمایاں حیثیت رکھتا ہے، جن میں جامع الشافعی اور مسجد عثمان بن عفان شامل ہیں۔

historic jeddah 5
(فوٹو: انٹرنیٹ)

یہ مقامات قدیم گھروں اور بازاروں کے ساتھ مل کر شہر کی تاریخ، ثقافت اور مسلسل جاری زندگی کی عکاسی کرتے ہیں، جس سے زائرین کو ایسے مناظر ملتے ہیں جو شہر کی یادداشت اور تنوع کو محفوظ کرتے ہیں۔

تاریخی جدہ کا یہ منفرد تجربہ ’سعودی ونٹر‘ پروگرام کے وسیع سلسلے کا حصہ ہے، جس میں ریاض، جدہ، العلا، الدرعیہ، بحر احمر اور مشرقی ریجن سمیت کئی سیاحتی مقامات شامل ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے مملکت کے قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور سیاحتی سرگرمیوں کو موسمِ سرما میں نمایاں انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

historic jeddah 6
(فوٹو: فائل)

مزید معلومات اور سیاحتی سرگرمیوں کی تفصیلات کے لیے دلچسپی رکھنے والے افراد پروگرام کی سرکاری ویب سائٹ Visitsaudi.com/winter سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔