خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں ریاض میں عالمی دفاعی نمائش 2026 کا تیسری ایڈیشن منعقد کیا جا رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز کے زیر اہتمام یہ نمائش 8 سے 12 فروری 2026 (مطابق 20 تا 24 شعبان 1447ھ) تک جاری رہے گی، جس میں مختلف ممالک کے سرکاری وفود، حکومتی ادارے اور دفاع و سیکیورٹی صنعت سے وابستہ بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کریں گی۔
مزید پڑھیں
اتھارٹی کے گورنر جنرل اور نمائش کی نگراں کمیٹی کے چیئرمین انجینئر احمد بن عبدالعزیز العوہلی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اعلیٰ سرپرستی اور بھرپور حمایت سے دفاعی نمائش کو بین الاقوامی سطح پر بے پناہ تقویت ملی ہے، جو مملکت کی دفاعی شعبے میں بڑھتی ہوئی تیاری اور عالمی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمائش کا تیسرا ایڈیشن جدت، مقامی پیداوار کے فروغ اور ایک مربوط دفاعی نظام کی تشکیل کے لیے مملکت کے عزم کا عکاس ہے۔ اس ایڈیشن میں فضائی و زمینی براہ راست مظاہرے، مستقل ڈسپلے اور نئے خصوصی زونز شامل کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے حکومتی اداروں، قومی و بین الاقوامی کمپنیوں اور عالمی شراکت داروں کے درمیان تعاون و پارٹنرشپ کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
العوہلی کا کہنا تھا کہ یہ نمائش وژن 2030 کے اہداف کے تحت دفاعی اخراجات کا 50 فیصد سے زائد مقامی سطح پر منتقل کرنے کی کوششوں کو بھی تقویت دے گی، جبکہ دفاعی میدان میں آپریشنل تیاری اور اسٹریٹیجک خودمختاری کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
عالمی دفاعی نمائش کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اینڈریو پرسی نے کہا کہ نمائش کے دوران متعدد اہم پروگرامز منعقد ہوں گے جن میں سرکاری وفود کا پروگرام نمایاں ہے، جو دنیا بھر کے اعلیٰ حکام، سرمایہ کاروں اور دفاعی صنعت کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا، جس سے صنعتی و تکنیکی تعاون کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ’ڈیفنس انڈسٹری لیب‘ میں جدید ٹیکنالوجی اور تحقیقاتی منصوبوں کی نمائش کی جائے گی، جبکہ بحری نظام کے خصوصی زون میں سمندری دفاعی شعبے کو اجاگر کیا جائے گا۔
اسی طرح سعودی سپلائی چین زون مقامی صنعت کاروں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو عالمی کمپنیوں سے جوڑنے میں کردار ادا کرے گا، جبکہ سرکاری اداروں سے براہ راست ملاقات کا پروگرام دفاعی صلاحیتوں، آپریشنل ضروریات اور صنعتی سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔
5 روز تک جاری رہنے والی دفاعی نمائش پیشہ ورانہ ملاقاتوں، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور دفاعی صلاحیتوں کے مظاہرے کے ذریعے عالمی سطح پر دفاعی صنعت کے رہنماؤں، ماہرین اور سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گی۔
اس مقصد کے لیے نمائش میں 2700 میٹر طویل رن وے، طیاروں کے 4 راستوں اور وسیع ڈسپلے ایریاز پر مشتمل ایک مکمل ایئرپورٹ بھی شامل کیا گیا ہے جہاں جدید طیاروں کی نمائش کی جائے گی، جو اس ایونٹ کو عالمی معیار کی دفاعی سرگرمیوں میں نمایاں مقام فراہم کرے گا۔
اتھارٹی کے مطابق عالمی دفاعی نمائش 2026 میں شرکت کرنے والوں کی تعداد گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں زیادہ متوقع ہے، جو بین الاقوامی سطح پر اس نمائش کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور سعودی عرب کے دفاعی و سیکیورٹی شعبے کے مضبوط کردار کی عکاسی کرتی ہے۔