وقاص حیدر
نمائندہ اوورسیز پوسٹ۔ ریاض
دار الحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان میں صحافیوں کو مختلف امور پر بریفنگ دیتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان اسلامی دنیا کے ایسے ممالک ہیں جو دفاعی امور سمیت دیگر شعبوں کے بہتر مستقبل کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدے طے پائے تھے۔
ان میں متعدد پورے ہونے کے مراحل میں ہیں جن کے مثبت اثرات پاکستانی معیشت پر برآمد ہو رہے ہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایگریکلچرل اور ٹیکسٹائل سمیت 8 شعبوں کے حوالے سے معاہدے طے پائیں گے جن کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کی سعودی عرب ایکسپورٹ کو بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جوکہ سالانہ 720 ملین ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔
سروسز کے شعبے میں ہماری ایکسپورٹ 5 سو 90 ملین ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ 2025 کے دوران پاکستان سے 5 لاکھ پاکستانی ورکرز سعودی عرب پہنچے۔
مجموعی طور پر 30 لاکھ پاکستانی سعودی عرب سے پوری دنیا سے بھیجے جانے والے زرمبادلہ میں 25 فیصد حصہ ڈالتے ہیں۔
سفیر احمد فاروق کا کہنا تھا کہ سفارت خانہ پاکستان اپنے ہم وطنوں کے مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے بھی انتہائی دلجمعی اور فرض شناسی کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
سفارت خانہ پاکستان کے تمام شعبے سعودی عرب میں مقیم ہم وطنوں کی رہنمائی اور معاونت کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔