خالد نواز چیمہ
جدہ
جدہ میں پاکستان کا 61واں یومِ دفاع عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
تقریب میں 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، قومی قیادت کے پیغامات سنائے گئے اور خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔
قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ کے زیرِ اہتمام پاکستانی کمیونٹی کے اشتراک سے پاکستان کا 61واں یومِ دفاع عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے پیش کئے گئے۔
تقریب کے دوران 6 ستمبر 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
اس موقع پر 1965ء کی جنگ اور قومی دفاع کے حوالے سے ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفیٰ ربانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کے شہداء، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ ملک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، یکجہتی اور وطن سے وفاداری کے جذبے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
قونصل جنرل نے پاکستان کی عسکری تاریخ میں پاک فوج کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے حالیہ معرکۂ حق اور بنیان المرصوص میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی صلاحیت کے ساتھ ساتھ سفارت کاری کے ذریعے بھی خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، سماجی شخصیات اور ایتھنک میڈیا کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور پاکستان کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء سے عقیدت کے جذبات کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔