خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سرپرستی میں وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے سعودی میڈیا فورم کا افتتاح کردیا ہے۔
پانچویں سعودی میڈیا فورم 2026 تین روز تک جاری رہے گا جس کا عنوان ’عالمی سطح پر نئے میڈیا کا نقشہ‘ رکھا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے 12 نئے میڈیا اقدامات کا اعلان کیا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی ’سدايا‘ کے تعاون سے ’میڈیا میں مصنوعی ذہانت کے اصول‘ کی دستاویز بھی جاری کی گئی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجیز کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ “کنوز” منصوبے کے تحت 30 سے زائد کام بھی پیش کیے گئے جو سعودی تہذیب اور مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں۔
الدوسری نے زور دیا کہ آنے والی نسلوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مثبت اور معاون میڈیا ماحول تیار کرنا ضروری ہے۔
وزير الإعلام خلال حفل افتتاح أعمال النسخة الخامسة من #المنتدى_السعودي_للإعلام 2026: الرعاية الملكية للمنتدى تمنحه بُعدًا أوسع، وتكسبه رؤية أعمق، وترى في الإعلام أداة للوعي ووسيلة للتنمية.#SaudiMediaForum#واس pic.twitter.com/CqBHNXfsVt
— واس العام (@SPAregions) February 2, 2026
انہوں نے کہا کہ شاہی سرپرستی، فورم کو وسیع تر اہمیت اور گہرائی دیتی ہے اور میڈیا کو شعور بیدار کرنے اور ترقی کا وسیلہ قرار دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وژن 2030 نے سعودی میڈیا کو مربوط ڈھانچے میں منتقل کر دیا ہے جو فیصلوں اور پالیسیوں کی رہنمائی کرتا ہے۔
اس سال ایک سو نشستیں ’میڈیا اسکالرشپ پروگرام‘ کے لیے دستیاب کی گئی ہیں تاکہ سعودی ٹیلنٹ کو عالمی معیار کی جامعات میں تربیت فراہم کی جا سکے۔
مزید برآں ’سعودی پیڈیا‘ کے ذریعے پانچ عالمی زبانوں، انگریزی، فرانسیسی، چینی، روسی اور جرمن، میں ترجمے کا کام شروع کیا گیا ہے تاکہ ملک کی تاریخ، ثقافت اور شناخت کو دنیا تک پہنچایا جا سکے۔
فورم میں سعودی عرب اور بیرون ملک سے 300 سے زائد میڈیا ماہرین، اکیڈمیشن اور سپیشلسٹ شرکت کر رہے ہیں، جو 150 سے زائد سیشنز میں میڈیا کی موجودہ چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے اور مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر میڈیا انڈسٹری کی ترقی میں حصہ ڈالیں گے۔