خالد نواز چیمہ
جدہ
پاکستان انوسٹرز فورم اور پاکستان قومی یکجہتی فورم کے زیرِ اہتمام جدہ میں جشنِ آزادی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں ملی نغمے، بچوں کے ٹیبلو اور مختلف شخصیات کے خطابات نے شرکاء کا قومی جذبہ دوچند کردیا۔
پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے پاکستان انوسٹرز فورم اور پاکستان قومی یکجہتی فورم کے زیرِ اہتمام جدہ میں ایک شاندار، رنگا رنگ اور ملی جذبے سے بھرپور تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی پاکستان قونصلیٹ جدہ کی ڈپٹی قونصل جنرل محترمہ فارینہ ارشد تھیں۔
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے اخلاق، کردار، محنت اور مثبت رویے کے ذریعے پاکستان کا بہترین تشخص اجاگر کریں۔
انہوں نے سعودی عرب کے قوانین کی مکمل پابندی اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنانے میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
مزید پڑھیں
محترمہ فارینہ ارشد نے کہا کہ یومِ آزادی محض جشن منانے کا دن نہیں، بلکہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی بصیرت، ہمارے بزرگوں کی قربانیوں اور قیامِ پاکستان کے لیے کی جانے والی عظیم جدوجہد کو یاد کرنے کا موقع بھی ہے۔
انہوں نے خوبصورت تقریب کے انعقاد پر پاکستان انوسٹرز فورم اور پاکستان قومی یکجہتی فورم کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا
کہ اس نوعیت کی تقریبات کمیونٹی میں بھائی چارے، اتحاد، ثقافتی وابستگی اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔
پاکستان انوسٹرز فورم کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود نے اپنے کلیدی خطاب میں تمام پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کے کسی بھی حصے میں مقیم ہوں، ہماری سب سے بڑی شناخت پاکستانی ہونا ہے۔
پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور اس کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی میں ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
چوہدری شفقت محمود نے پاکستانی سرمایہ کاروں اور کمیونٹی کی خدمت کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ قونصلر سعدیہ خان اور کمیونٹی ویلفیئر قونصلر ازکاء کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔
انہوں نے قومی دن کے موقع پر دونوں شخصیات کو ایوارڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔
پاکستان قومی یکجہتی فورم کے قائم مقام کنوینر چوہدری تصور حسین نے اپنے خطاب میں تحریکِ پاکستان، قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے دوران پاکستانی بچوں نے ملی نغموں پر خوبصورت ٹیبلو پیش کیے، جبکہ معروف گلوکار علی مہدی، عدنان اور پاکستان آئیڈل کی گلوکارہ مسکان نے ملی نغمے پیش کرکے ماحول کو جذبۂ حب الوطنی سے بھر دیا۔
حاضرین نے قومی پرچم لہراتے ہوئے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان قومی یکجہتی فورم کے جنرل سیکرٹری عبدالخالق لک نے تمام معزز مہمانوں، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور یومِ آزادی کے مقاصد اور اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔
تقریب میں سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، مسعود احمد پوری، ممتاز کاہلوں، معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد اعظم کلیر، چوہدری اظہر عباس وڑائچ اور چوہدری مبشر افضل چیمہ سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور کمیونٹی شخصیات، خواتین، بچوں اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے شاندار اور کامیاب تقریب کے انعقاد پر پاکستان انوسٹرز فورم اور پاکستان قومی یکجہتی فورم کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔
پاکستان زندہ باد!
پاک سعودی دوستی پائندہ باد!