وزارتِ حج و عمرہ نے بیرون ملک سے آنے والے معتمرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ منظور شدہ سامانِ سفر ’بیگیج‘ سے متعلق مقررہ ضوابط کی پابندی کریں۔
وزارت نے واضح کیا کہ ان معیارات پر عمل در آمد سفر کے طریقۂ کار کو آسان بنانے، سفر کی بہتر تنظیم اور روانی کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی قدم ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے اپنی آگاہی مہم کے تحت وضاحت کی ہے کہ معتمر کی پیشگی تیاری، بالخصوص ہوائی کمپنی سے روانگی سے قبل رابطہ، سامان کے وزن اور منظور شدہ شرائط سے آگاہی حاصل کرنے میں براہِ راست مدد دیتی ہے، جس سے چیک اِن کے دوران کسی بھی ممکنہ تاخیر سے بچا جا سکتا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ حجاج اور معتمرین کے سامان کی سلامتی اور منظم
ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے، وزارت نے ایسے 6 اقسام کے سامان سے اجتناب کی ہدایت کی ہے جو ہینڈلنگ کے عمل میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
ان میں بے ترتیب سامان، رسیوں سے بندھا ہوا سامان، لمبی پٹّیوں والے بیگ، کپڑے کے بنے سامان بردار نیز وہ وزن شامل ہیں جو فضائی کمپنیوں کی جانب سے مقررہ حد سے تجاوز کرتا ہو۔
وزارتِ حج و عمرہ نے زائرین کو دعوت دی ہے کہ وہ دلیلِ عمرہ و زیارت میں دستیاب معلوماتی مواد سے استفادہ کریں جو کیو آر کوڈ اسکین کرنے یا وزارت کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔