خالد نواز چیمہ
جدہ
پہچانِ پاکستان گروپ کی سینئیر ادبی فورم کی سربراہ ممتاز شاعرہ محترمہ ارباب تبسم عمرہ کی سعادت حاصل کرنے جدہ پہنچ گئیں۔
کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہچان پاکستان گروپ کے چیئرمین زکیر بھٹی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
مزید پڑھیں
جدہ آمد کے بعد پاکستان جرنلسٹس فورم کی جانب سے ان کے اعزاز میں پُروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا جو خالصتاً ادب، محبت اور ثقافتی ہم آہنگی کی خوشبوؤں سے مہکتا رہا۔
اس موقع پر معروف شعراء اور ادبی شخصیات نے اپنا کلام پیش کیا اور ادب کی طاقت، فکر کی روشنی اور لفظوں کے اثر پر اظہارِ خیال کیا۔
مقررین نے کہا کہ پہچانِ پاکستان گروپ نہ صرف پاکستان بلکہ خلیجی
ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں ایک روشن چراغ کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ مشاعرے اور ادبی محافل قوموں کی فکری شناخت اور تہذیبی ورثے کو زندہ رکھتی ہیں۔
محترمہ ارباب تبسم بحرین میں منعقد ہونے والے ایک شاندار بین الاقوامی مشاعرے میں شرکت کے بعد جدہ پہنچی تھیں۔
عشائیے میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے چیئرمین امیر محمد خان، کباش آرٹس کونسل کے سربراہ علی خورشید ملک، پاک میڈیا ریاض سے معروف صحافی ذکاء اللہ محسن، پاک میڈیا کے چیئرمین چوہدری نور الحسن گجر، جمیل راٹھور، حسین شاہد، نعیم، امانت علی اور دیگر ممتاز صحافیوں و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران سعودی عرب میں جاری ادبی سرگرمیوں، مشاعروں اور کمیونٹی کے فکری ذوق پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
صحافیوں اور اہلِ ذوق کے اصرار پر محترمہ ارباب تبسم نے اپنا منتخب کلام بھی پیش کیا جس نے محفل کو چار چاند لگا دیے۔
ان کے اشعار نے سامعین کے دلوں کو چھو لیا اور داد و تحسین سے محفل گونج اٹھی۔
یہ ادبی شام نہ صرف روح کو تازگی بخشنے کا ذریعہ بنی بلکہ اس بات کا ثبوت بھی تھی کہ ادب سرحدوں کا محتاج نہیں اور پاکستانی قلم آج بھی دنیا بھر میں اپنی پہچان قائم رکھے ہوئے ہے۔