فرانسیسی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹار فٹبالر کریم بنزیما سعودی کلب الاتحاد چھوڑنے کے قریب ہیں۔
موجودہ ونٹر ٹرانسفر ونڈو میں کسی دوسرے سعودی پروفیشنل لیگ کے کلب میں شامل ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بنزیما ممکنہ طور پر الہلال میں شامل ہو سکتے ہیں کیونکہ وہ اپنے موجودہ کلب الاتحاد کے ساتھ معاہدے کی تجدید پر اختلافات میں ہیں۔
مزید پڑھیں
2022 کے بیلون ڈی اور فاتح نے اپنے مستقبل کی وضاحت تک کھیل روکنے کی درخواست بھی کی ہے حالانکہ ان کا موجودہ معاہدہ جون 2026 تک ہے۔
الاتحاد کی جانب سے ٹرانسفر ونڈو بند ہونے سے پانچ دن قبل بنزیما کو معاہدہ بڑھانے کی پیشکش کی گئی جس میں اضافی رقم نہیں دی گئی اور کھلاڑی کو اپنی تصویر کے حقوق کے سو فیصد کا اختیار دیا گیا مگر
بنزیما اور ان کے قریبی حلقے نے اس پیشکش کو تحقیر آمیز قرار دیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹرانسفر ونڈو کے آخری لمحات میں مشترکہ حل تلاش کیا جا رہا ہے اور سب سے مضبوط امکان یہ ہے کہ بنزیما الہلال میں منتقل ہوں جب کہ اطالوی کلب یووینٹس نے بھی کھلاڑی کے لیے دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اس کے علاوہ الہلال فرانسیسی کھلاڑی سائمن بوابری کے حصول کے لیے بھی مذاکرات کر رہا ہے، جو پچھلے موسم گرما میں موناکو سے نیوم منتقل ہوئے تھے جس سے امکان ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں الہلال میں مزید دو فرانسوی کھلاڑی شامل ہو جائیں اگر مذاکرات کامیاب ہوئے۔