8 ٹیمیں 6 اور 7 اگست کو مدمقابل ہوں گی، مقصد یومِ آزادی کا جشن اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے
خالد نواز چیمہ
جدہ
یومِ آزادیِ پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں اسکانکم Asconcom کمپنی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کی ٹرافی کی پُروقار تقریبِ رونمائی جدہ کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز سماجی، کاروباری اور صحافتی شخصیات کے علاوہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام آٹھ ٹیموں کے مالکان، کپتانوں، آفیشلز اور کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔
🇵🇰 یہ خبر کیوں اہم ہے؟ ⌄
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض سید جعفر اور شاہین آفریدی نے خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔
پاکستان قونصلیٹ جدہ کے پریس قونصلر عرفان چوہدری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر ممتاز سماجی رہنما چوہدری اکرم گجر، چوہدری اظہر وڑائچ اور پاکستانی کمیونٹی کی دیگر معروف شخصیات بھی موجود تھیں۔
اسکانکم کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کے انعقاد کا مقصد یومِ آزادیِ پاکستان کو شایانِ شان انداز میں منانے کے ساتھ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
اس ایونٹ کے ذریعے کھیلوں کے فروغ اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد، اخوت اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت، قائدانہ صلاحیتوں اور حب الوطنی کے جذبات پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
اسی لئے اسکانکم ہر سال ایسے مثبت اور تعمیری پروگراموں کا انعقاد اپنی سماجی ذمہ داری سمجھتی ہے۔
📌 قائدِ اعظم آزادی کپ ایک نظر میں ⌄
آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان انجینئر عبدالمتین اور انجینئر سید جعفر نے ٹورنامنٹ کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دو روزہ کرکٹ میلے میں 8 مضبوط ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔
شائقین کو سنسنی خیز اور معیاری مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، جبکہ تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کے تمام میچز 6 اور 7 اگست کو جدہ نیٹس گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
توقع ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد اپنی پسندیدہ ٹیموں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے گراؤنڈ کا رخ کرے گی۔
🏏 اہم ترین نکات ⌄
- قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کی ٹرافی کی جدہ میں رونمائی کردی گئی۔
- ٹورنامنٹ 6 اور 7 اگست کو منعقد ہوگا۔
- تمام میچز جدہ نیٹس گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
- ٹائٹل کے حصول کے لیے آٹھ ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔
- پریس قونصلر عرفان چوہدری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
- ٹورنامنٹ اسکانکم کمپنی کے زیرِ اہتمام منعقد ہوگا۔
- ایونٹ کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
- کرکٹ ٹورنامنٹ یومِ آزادیِ پاکستان کی تقریبات کا حصہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کی خوبصورت ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔
اس موقع پر ٹیموں کے مالکان، کپتانوں، کھلاڑیوں اور منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اعلیٰ کھیل، سپورٹس مین اسپرٹ اور باہمی احترام کی بہترین مثال قائم کرکے اس ایونٹ کو کامیاب اور یادگار بنائیں گے۔