سعودی عرب کے زمینی، بحری اور فضائی کسٹمز پوائنٹس پر ایک ہفتے کے دوران مختلف اقسام کی ممنوع اشیا کے 1202 کیسز پکڑے گئے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ کارروائیاں زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی ( زاتکا) کی جانب سے سخت نگرانی اور حفاظتی اقدامات کا حصہ ہیں، جن کا مقصد مملکت اور معاشرے کو منشیات، غیر قانونی اشیا اور دیگر خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
منشیات اور ممنوع مواد کی بڑی مقدار ضبط
زاتکا کے مطابق ضبط کی گئی اشیا میں 64 اقسام کی منشیات شامل تھیں، جن میں حشیش، کوکین، ہیروئن، شبو، کپٹاگون گولیاں اور دیگر نشہ آور مادے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 546 دیگر ممنوع اشیا بھی کسٹمز حکام نے برآمد کرکے ضبط کرلیں۔
تمباکو، اسلحہ اور نقدی کی اسمگلنگ ناکام
علاوہ ازیں کسٹمز حکام نے ایک ہفتے کے دوران 2426 تمباکو اور اس سے بنی مختلف اشیا بھی ضبط کیں، جن کی غیر قانونی طریقے سے مملکت میں لانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ نقدی سے متعلق 11 کیسز اور اسلحہ و اس کے سازوسامان کے 12 کیسز بھی ناکام بنائے گئے۔
نگرانی مزید سخت کرنے کا اعلان
زاتکا نے واضح کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی درآمدات اور برآمدات پر کسٹمز کنٹرول کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل تعاون اور رابطہ کاری کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ قومی سلامتی اور معاشرتی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
عوام سے تعاون کی اپیل
سعودی زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی ( زاتکا) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اسمگلنگ کے خلاف اپنی قومی ذمہ داری پوری کریں، جس کے لیے کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع 1910 پر، یا ای میل 1910@zatca.gov.sa کے ذریعے جب کہ بیرونِ ملک سے 009661910 پر دی جا سکتی ہے۔
زاتکا کے مطابق تمام اطلاعات مکمل رازداری کے ساتھ وصول کی جاتی ہیں اور درست اطلاع دینے والوں کو مالی انعام بھی دیا جاتا ہے۔